انجینئر نیک محمد پی ٹی آئی کا اثاثہ تھے، وزیر اطلاعات

انجینئر نیک محمد پی ٹی آئی کا اثاثہ تھے، وزیر اطلاعات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی سے کا لاخیل مائن 41 میں شہید ہونے والے انجنیئر نیک محمد کے بھائی انجنیئر معراج نے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور مائن 41 میں جاری ریسکیو آپریشن پر تفصیلی گفتگو کی۔ ملاقات میں پی ٹی آئی ملاکنڈ کے نائب صدر سدید الرحمن اور شانگلہ میں پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی کے امیدوار وقار خان بھی شریک تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ انجنیئر نیک محمد پارٹی کے اثاثہ تھے ان کی شھادت سے ذاتی طور پر دلی دکھ اور صدمہ پہنچا ہے۔ نیک محمد نے دوسرے مائن ورکرزکی جان بچاتے ہوئے اپنے جان کی قربانی دی۔انہوں نے کہا کہ حکومت ریسکیو آپریشن کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ نیک محمد کے بچوں کو تعلیم کی فراہمی اور امداد کے لیے جو بھی ممکن ہوا کیا جائے گا۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ سیاست سے بالاتر ہو کر مشکل حالات میں انجنیئر نیک محمد کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ غمزدہ خاندان کے جذبات اور احساسات سے بخوبی واقف ہیں۔ بعد میں صوبائی وزیر سے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود نے بھی ملاقات کی اور اپنے علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔ شوکت یوسفزئی نے وفود کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے وفود پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں جہاں بھی کوئی کوتاہی ہو رہی ہو تو متعلقہ اداروں کو اطلاع دی جائے تاکہ ذمہ داروں کے خلاف بروقت ایکشن لیا جا سکے۔ ترقیاتی منصوبے عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے شروع کیے جاتے ہیں اس لیے ان کے میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔