حکومت سیاحت کی ترقی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے،علی امین گنڈاپور
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اُمور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سیاحت کی ترقی کے حوالے سے بے پناہ صلاحیت موجود ہے او روفاقی حکومت ملک میں سیاحت کی ترقی کے لئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے وہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موجود پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن موٹلز کے اثاثہ جات کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کے ایڈیشنل سیکرٹری،گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے سیکرٹریزسیاحت کے علاوہ مینجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی نے شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کوششوں اور سیکورٹی کی بہتر صورت حال کے باعث پاکستان خصوصاَ اس کے شمالی علاقہ جات کا شمار دنیاکے خوب صورت ترین علاقوں میں کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ اسی سلسلے میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موجود پی ٹی ڈی سی موٹلز کو اپ گریڈ کرنے کے لئے ان کو لیز پر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں پی ٹی ڈی سی کے خاطر خواہ اثاثے موجودہیں اور ان کو لیز پر دینے اور اُن سے متوقع آمدن کے استعمال کے ضمن میں وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان حکومتوں اور پی ٹی ڈی سی کے درمیان ایک پُل کا کردار ادا کررہی ہے۔اس موقع پر آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندوں نے زور دیا کہ یہ فنڈز انہی علاقوں میں سیاحت کی ترقی کے لیے استعمال کیے جائیں۔ اوفاقی وزیر نے اس موقع پر زور دیا کہ تما م تر قانونی تقاضے پورے کرنے اور متعلقہ فورمز سے منظوری کے بعد ان موٹلزکی لیز کا عمل جلد از جلد تکمیل تک پہنچا یا جائے تاکہ سیاحت کے حوالے سے پیش آمدہ سیزن میں سیاحوں کو رہائش کی بہتر سہولیات میسر آسکیں۔
علی امین گنڈاپور