ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کا مشترکہ آپریشن،جرمانے عائد

ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کا مشترکہ آپریشن،جرمانے عائد

  



پشاور(سٹی رپورٹر) ضلعی انتظامیہ نے ٹریفک پولیس کے ہمراہ مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے پشاور کے مختلف علاقوں میں بغیر فٹنس سرٹیفیکیٹ کے سی این جی سلینڈر استعمال کر نے پر مزید گاڑیوں کو جرمانہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پر پشاور بھر میں گاڑیوں میں سی این جی کٹ اور فٹنس سرٹیفیکیٹ کا معائنہ جاری ہے۔ اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر (سٹی)سارہ رحمان نے رات کے اوقات میں ٹریفک پولیس کے افسران کے ہمراہ پشاور صدر میں مختلف گاڑیوں کا معائنہ کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر (ٹاؤن)عبدالولی اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر (کینٹ)گلشن آرا نے ٹریفک پولیس کے ہمراہ یونیورسٹی روڈ پر مختلف گاڑیوں کا معائنہ کیا جبکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر (پی ڈی اے)منیٰ ظاہر نے ٹریفک پولیس کے ڈی ایس پی لیاقت خان کے ہمراہ حیات آباد کے مختلف علاقوں میں مختلف گاڑیوں کا معائنہ کیا۔ کاروائیوں کے دوران مجموعی طور پر300سے زائد گاڑیوں کا معائنہ کیا گیا۔ کاروائی کے دوران فٹنس سرٹیفیکیٹ نہ ہونے، کالے شیشے، ناقص سی این جی سلینڈرز اور دیگر خلاف ورزیوں پر 196 گاڑیوں کو جرمانہ کیا گیا جبکہ بیشتر سکول گاڑیوں سے سی این جی کٹ کو اتار دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے گاڑی مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ جلد از جلد متعلقہ سی این جی ورکشاپ سے سی این جی کٹ اور سلینڈرکا معائنہ کر کے فٹنس سرٹیفیکیٹ حاصل کریں جبکہ سکول بچوں کو لے جانے والی گاڑیوں سے سی این جی کٹ اتار لیں بصورت دیگر سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر