نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدمات کررہے ہیں، سلطان محمد خان
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی اموراور انسانی حقوق سلطان محمد خان نے کہا ہے کہ وفاقی وصوبائی حکومت نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے اور امید رکھتے ہیں کہ نوجوان کھلاڑی نہ صرف صوبے کا بلکہ پاکستان کا نام کیھلوں کے میدان میں بین الاقوامی سطح پر روشن کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخوا کی طرف سے عبدالوالی خان سپورٹس کمپلیس چارسدہ میں خیبرپختونخوا انڈر۔21 گیمز2020 کی منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سلطان محمد خان نے کہا کہ دیگر شعبوں کی طرح کیھلوں کے میدان میں بھی ہمارے نوجوان کسی سے کم نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان نوجوانوں کو کھیل کے بھرپور مواقع فراہم کررہے ہیں اور کھیلوں کے فروغ پرخطیر رقم خرچ کی جارہی ہے۔ وزیر قانون نے کہا کہ ہمارا صوبہ کھیلوں کے حوالے سے بہت زرخیز ہے صوبے کے کئی نامور کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں میں صوبے اور ملک کا نام روشن کیا ہے۔وزیر قانون نے کہا کہ بدقسمتی سے پہلے کھیلوں کے شعبوں پر کسی نے کوئی توجہ نہیں دی تھی مگر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کھیلوں کے فروغ کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے اور اس سلسلے میں کئی منصوبے شروع کئے ہیں جن میں صوبے کے باصلاحیت کھلاڑیوں کے لئے ماہانہ اعزازیہ پروگرام سمیت بین ا لا قوامی سطح پر مقابلوں کے لئے منتخب کھلاڑیوں کو سپانسر کرنا شامل ہے اسکے علاوہ کھلاڑیوں کی بہترین تربیت کے لئے 100 اعلی کوالیفائیڈ کوچز بھی بھرتی کئے جارہے۔وزیرقانون نے مزید کہا کہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لئے 28 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے۔ سلطان محمد نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیل جیسے صحت مندانہ عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئیے، کیونکہ صحت مند نوجوان مضبوط قوم کی ضمانت ہے. انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے خیبرپختونخوا کے کئی نوجوانوں نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہیں۔ کھیلوں کے ذریعے ہم نوجوان نسل کو معاشرتی برائیوں سے بچا سکتے ہیں واضح رہے کہ چار سدہ ضلع سے تعلق رکھنے والے 252 کھلاڑی چھ مختلف کھیلوں میں حصہ لیں گے۔اس موقع پر کھلاڑیوں نے رسہ کشی،کراٹے اور جمناسٹک سمیت دیگر گیمز کے مقابلے بھی کیے۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر چارسدہ عدیل شاہ، ڈی پی او عرفان اللہ مروت اور دیگر سینئر رہنما اور بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان کے علاؤہ شائقین بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔