سکھر::غریب آباد میں عمارت میں آگ لگنے سے 4افراد جاں بحق

سکھر::غریب آباد میں عمارت میں آگ لگنے سے 4افراد جاں بحق

  



سکھر(این این آئی)سکھر کے علاقے غریب آباد میں چار منزلہ عمارت میں واقع فلیٹ میں آگ لگ گئی، جس کے باعث 4 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت فلیٹ میں پھنسے لوگوں کو نکالا۔ سکھر کے علاقے غریب آباد کے بیری چوک پر واقع عمارت کی دکانوں میں آتشزدگی کے باعث فلیٹ میں موجود 4 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں باپ اور2 بچے شامل ہیں، زخمیوں اور لاشوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کر دیا گیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق فلیٹ کے نیچے بنی دکان میں آگ لگی تھی جس نے پہلی منزل پر واقع فلیٹ کو بھی لپیٹ میں لے لیا تھا۔رپورٹس کے مطابق دکانوں میں لگی آگ کا دھواں ان کے اوپر بنے فلیٹ میں بھر گیا تھا، جس کے باعث فلیٹ میں موجود محمد جاوید اور ان کے دو بیٹے محمد علیان اور محمد عمر دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہو گئے، دھوئیں کے باعث حیدر علی بھی موقع ہی پر جاں بحق ہو گیا۔ریسکیو کے مطابق آتش زدگی کے باعث زخمی ہونے والوں میں ایک خاتون سمیت تین افراد شامل ہیں، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں نے موقع پر پہنچ کر دو گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا۔ زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق بیری چوک کے قریب 4 منزلہ عمارت میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی، جس نے گراؤنڈ فلور پر بنی دکانوں کو اپنی لپٹ میں لے لیا۔حکام کے مطابق شدید دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے عمارت کے رہائشی محمد جاوید، ان کے 2 بیٹے اور ایک بھانجا جاں بحق ہوگیا، جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے جنہیں گمبٹ کے اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ فائر بریگیڈ عملے نے 2 گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ آتش زدگی سے دکانوں میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان بھی جل کر راکھ ہو گیا ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر