حکومت سندھ کا نئے پرائس مجسٹریٹ بھرتی کرنے کا فیصلہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے فوری اقداما ت اور نئے پرائس مجسٹریٹ بھرتی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔اس ضمن میں وزیرزراعت سندھ اسماعیل راہو نے جمعہ کو اپنے بیان میں کہا کہ سندھ کابینہ سے منظوری لے کربھرتی کا اشتہار جاری کیا جائے گا۔ مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی روکنے کیلئے پرائس مجسٹریٹ کی تعداد بڑھائی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے میں گراں فروشی کی روک تھام کے لئے نیا مربوط میکنزم تیار کررہے ہیں۔ عوام کی آگاہی کیلئے اشیاء ضروریہ کی قیمتیں موبائل اور سوشل میڈیا ایپلی کیشنز پر بھی جاری کی جائیں گی۔ کوشش ہے قیمتیں کنٹرول کریں اور ذخیرہ اندوزی نہ ہونے دیں۔اسماعیل راہو نے کہا کہ پرائس مجسٹریٹ، اسپیشل مجسٹریٹس، کمشنر اور ڈپٹی کمشنرزکو متحرک کردیا گیا ہے۔ بڑے بازاروں میں افسران کو کمپلین سیل بنانے کی ہدایت کردی،جو پرائس مجسٹریٹ کارروائی کی رپورٹ نہیں دیں گے ان کے خلاف کابینہ ایکشن لے گی۔ پیٹرول، بجلی، گیس مہنگی ہوگی تواثراشیاء خوردونوش پر بھی پڑے گا۔پرائز مجسٹریٹس روزانہ کے بنیاد پر منافع خوروں کے خلاف کارروائیاں کررہے ہیں۔ وزیراعظم جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کے خلاف ایکشن لے مہنگائی خود ہی کم ہوجائے گی۔اسماعیل راہو نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت مہنگائی کو روکنے کیلئے ملک بھر میں راشن کارڈ جاری کرے۔ملک میں 400 یوٹیلٹی اسٹورز خسارے کی وجہ سے بند اوردوسری طرف 30 ہزار اسٹورز کھولنے کا فیصلہ قوم سے مذاق ہے۔ نیازی سرکار عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔