بھارتی بورڈ کا دباؤ، جنوبی افریقہ نے دورہ پاکستان موخر کردیا

  بھارتی بورڈ کا دباؤ، جنوبی افریقہ نے دورہ پاکستان موخر کردیا

  



جوہانسبرگ/لاہور(آئی این پی)جنوبی افریقا نے بھارت کے دباؤ میں پاکستان میں مجوزہ 3ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز تاخیر کا شکار ہو گئی،جنوبی افریقہ نے بھارت کے دورے اور کھلاڑیوں کی آئی پی ایل میں شرکت کے باعث پاکستان کا دورہ ترک کیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے پانچویں ایڈیشن کے بعد جنوبی افریقا کو تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کی دعوت دی تھی۔ پی سی بی اور جنوبی افریقن کرکٹ بورڈ کے درمیان سیریز کے حوالے سے بات چیت مثبت انداز سے آگے بڑھی جس کے لیے افریقا کے سیکیورٹی وفد نے پی ایس ایل کے دوران پاکستان کا دورہ بھی کرنا تھا۔ پی سی بی نے تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز راولپنڈی میں منعقد کرنے کا انتخاب کیا اور میچز کے لیے 24، 25اور 27مارچ کی تاریخیں تجویز کیں لیکن اب نئی ڈویلپمنٹ کے مطابق مجوزہ سیریز منسوخ کر دی گئی ہے۔ پی سی بی کے ترجمان نے بتایا کہ سیریز فی الوقت ممکن نہیں، سیریز اب مارچ میں نہیں، اسی سال کسی اور وقت ممکن ہو گی اور سیریز نہ ہونے کی وجہ سیکیورٹی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کی پہلے سے کمٹمنٹس ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا نے بھارت میں اپنی سیریز کا اختتام 18مارچ کو کرنا ہے، اس کے بعد کھلاڑیوں نے بھارتی لیگ میں بھی شرکت کرنا ہے جس کے باعث پاکستان کے ساتھ سیریز منسوخ کر دی گئی۔ترجمان نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کے معاہدوں کی وجہ سے سیریز ممکن نہیں ہے، سیریز کے لیے دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز اب نئی راہ تلاش کریں گے۔ کرکٹ ساؤتھ افریقہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کیا ہے کہ وہ آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ نہیں کرسکیں گے تاہم انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ٹیم جلد از جلد پاکستان بھیجنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی