آئی سی سی ویمنزٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا وارم اپ مرحلہ شروع

آئی سی سی ویمنزٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا وارم اپ مرحلہ شروع

  



برسبین(آئی این پی)ساتویں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ میچزکا مرحلہ شروع ہوگا،آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا وارم اپ میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔ پاکستان ویمن ٹیم اپنا پہلا وارم اپ میچ(کل)اتوارکوروایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔ تفصیلات کے مطابق ساتواں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 21فروری سے آسٹریلیا میں شروع ہوگا جس میں 10ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کریں گی۔ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ مرحلہ 15فروری سے شروع ہوگا جس میں مختلف ممالک کی ٹیموں کے درمیان دس میچز کھیلے جائینگے۔ آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان پہلا وارم اپ میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔ 16فروری کو چار وارم اپ میچز کھیلے جائیں گے، پہلا میچ سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان، دوسرا میچ بنگلہ دیش اور تھائی لینڈ کے درمیان، تیسرا میچ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان جبکہ چوتھا میچ روایتی حریفوں بھارت اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔وارم اپ مرحلے میں 18 فروری کو تین میچز کھیلے جائیں گے، پہلا میچ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان، دوسرا میچ بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جبکہ تیسرا میچ انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 19 فروری کو ایک میچ کھیلا جائے گا جس میں نیوزی لینڈ اور تھائی لینڈ کی ویمن ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی جبکہ 20 فروری کو آخری وارم اپ میچ کھیلا جائے گا جس میں بنگلہ دیش اور پاکستان کی خواتین ٹیمیں پنجہ آزمائی کریں گی شائقین کو ایونٹ کے شروع ہونے کا شدت سے انتظار ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی