پولیو مہم کے دوران ہر بچے تک پہنچیں گے، تیمور سیلم جھگڑا

پولیو مہم کے دوران ہر بچے تک پہنچیں گے، تیمور سیلم جھگڑا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیرصحت تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا ہے پیر سے شروع ہونے والی 5 روزہ پولیو مہم کے دوران صوبے کے ہر بچے تک پہنچیں گے۔ اس عفریت سے چھٹکارا حاصل کرنے اور پولیو فری پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے انکاری والدین کو آمادہ کریں گے۔ ریفیوزل کیسز پر زیادہ توجہ دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پانچ روزہ انسداد پولیو کی قومی مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی کامران خان بنگش، ایم پی اے حاجی فضل الٰہی، ارباب وسیم حیات اور عوامی نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی صلاح الدین، سیکریٹری صحت محمد یحیٰی اخونزادہ اور دیگر حکام موجود بھی موجود تھے۔ میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو مہم 17 سے 21 فروری تک جاری رہے گی جس میں 67 لاکھ 52 ہزار 326 بچوں کو پولیو قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم کے لئے تربیت یافتہ ہیلتھ ورکرز کی 28049 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو کہ 24900 موبائل، 1849 فکسڈ اور 1300 ٹرانزٹ ٹیموں پر مشتمل ہیں۔ جبکہ پولیو ٹیموں کی نگرانی کے لئے 6833 ایریا انچارج تعینات کئے جائیں گے۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ پولیو وائرس کا خاتمہ اور پولیو فری پاکستان اس حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کا ثبوت افتتاح میں شامل اراکین صوبائی اسمبلی کی شمولیت ہے۔ انہوں نے کہا پولیو خاتمہ کے لیے ضروری ہے کہ انکاری والدین کی وجہ سے رہ جانے والے بچوں کو پولیو قطرے پلوائیں جائیں۔ انہوں نے سول سوسائٹی اور میڈیا سمیت معاشرے کے تمام طبقات سے مہم میں بھرپور حصہ لینے اور انکاری والدین کو اپنے بچوں کو پولیو قطرے پلوانے کے لیے منانے میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ دنیا کے دیگر اسلامی ممالک نے اسی طریقہ کار پرعمل کرتے ہوئے پولیو کا خاتمہ کیا اور اب پوری دنیا میں صرف پاکستان اور افغانستان میں یہ وائرس موجود ہے جو کہ ہماری آئندہ نسلوں کا مستقبل تاریک کر رہا ہے۔ والدین، اساتذہ، علماء اکرام، سول سوسائٹی اور میڈیا نے یہ استدعا ہے کہ وہ پولیو کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔ بعد ازاں انسداد پولیو اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ریفیوزل کیسز پر زیادہ توجہ دی جائے اور مہم کے دوران ہر روز اس حوالے سے جائزہ لیا جائے۔ پولیو حکام انکاری والدین کو منانے کے لیے اس حلقے کے سیاسی رہنماؤں اور ممبران اسمبلی کی مدد لیں۔ ممبران اسمبلی اس حوالے سوشل میڈیا پر اپنے ویڈیو پیغامات بھی جاری کریں۔ وزیر صحت کا کہنا تھا کہ پولیو ورکرز کا کام لائق تحسین ہے اور ہر فورم پر ان کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ معاون بلدیات کامران خان بنگش کا کہنا تھا کہ بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے کے لیے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا خصوصاً والدین خود آگے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنما بلاتفریق سیاسی وابستگی کے اس مہم میں حصہ لیں اور اپنے حلقے میں پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ان کی ہر بچے تک پہنچ یقینی بنائیں۔ صوبائی سیکریٹری صحت محمد یحیٰی اخوانزادہ کا اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ پولیو مہم کے دوران صوبے کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اپنے علاقوں میں ہی رہیں گے اور مہم کی نگرانی کریں گے۔

مزید :

صفحہ اول -