اسلام آباد: ایئرپورٹ سے جعلی سفری دستاویزات کے حامل ملزمان گرفتار

اسلام آباد: ایئرپورٹ سے جعلی سفری دستاویزات کے حامل ملزمان گرفتار
اسلام آباد: ایئرپورٹ سے جعلی سفری دستاویزات کے حامل ملزمان گرفتار

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات کے حامل دو مسافروں کو گرفتار کرلیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ملائیشیا سے اسلام آباد پہنچنے والے شمشیر علی کے پاس جعلی ویزہ تھا۔ مسافر سوات کا رہائشی ہے اور پی کے895 سے اسلام آباد پہنچا تھا۔ دوران امیگریشن مسافر کا ویزہ جعلی نکلا تو ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق سیالکوٹ کا رہائشی کامران علی چین سے اسلام آباد پہنچا تو اس نے امیگریشن حکام کے سامنے جنوبی کوریا کا ایمرجنسی پاسپورٹ پیش کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ یمیگریشن حکام نے شک ہونے کی بنیاد پر جب اس کی تلاشی لی تو اس کے قبضے سے تنزانیہ کا جاری کردہ پاسپورٹ بھی برآمد ہوا۔

ابتدائی تفتیش میں امیگریشن حکام کے سامنے یہ بات آئی ہے کہ ملزم کامران علی نے 16 لاکھ روپے کے عوض کوریا اور تنزانیہ کی جعلی سفری دستاویزات حاصل کی تھیں۔ایف آئی اے نے ابتدائی پوچھ گوچھ کے بعد ملزمان شمشیر علی اور کامران علی کو انسداد انسانی سمگلنگ سیل منتقل کردیا ہے جہاں ان سے مزید تفتیش و تحقیق کی جارہی ہے۔

مزید : اہم خبریں /علاقائی /اسلام آباد