نعیم الحق نے سیاست کس پارٹی کے پلیٹ فارم سے شروع کی؟ تحریک انصاف نہیں بلکہ ۔۔۔

نعیم الحق نے سیاست کس پارٹی کے پلیٹ فارم سے شروع کی؟ تحریک انصاف نہیں بلکہ ۔۔۔
نعیم الحق نے سیاست کس پارٹی کے پلیٹ فارم سے شروع کی؟ تحریک انصاف نہیں بلکہ ۔۔۔

  



کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان کے سب سے قابل اعتماد ساتھی نعیم الحق 2 سال تک کینسر سے جنگ لڑنے کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جاملے، انہوں نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز تحریک استقلال سے کیا ، بعد ازاں انہوں نے عمران خان کے ساتھ مل کر تحریک انصاف کی بنیاد رکھی۔

عمران خان کے دیرینہ ساتھی نعیم الحق 11 جولائی 1949 کو کراچی میں پیدا ہوئے، انہوں نے جامعہ کراچی سے انگلش لٹریچر میں ماسٹرز ڈگری حاصل کی جس کے بعد ایس ایم لا کالج سے ایل ایل بی کیا۔ انہوں نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز ایئر مارشل اصغر خان کی تحریک استقلال سے کیا۔ انہوں نے 1984 میں تحریک استقلال میں شمولیت اختیار کی جس کے بعد سنہ 1988 میں اسی پارٹی کے ٹکٹ پر کراچی کے علاقے اورنگی ٹاﺅن سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا جس میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ نعیم الحق نے 1996 میں عمران خان کے ساتھ مل کر تحریک انصاف کی بنیاد رکھی، وہ پارٹی کے 10 بانی ارکان میں شامل تھے۔

نعیم الحق ہر اچھے اور برے وقت میں عمران خان کے ساتھ کھڑے نظر آئے، انہیں 2012 میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا چیف آف سٹاف بنایا گیا۔ تحریک انصاف کی 2018 میں مرکز میں حکومت بنی تو نعیم الحق کو وزیر اعظم کا معاون خصوصی برائے سیاسی امور مقرر کردیا گیا ، وہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا حصہ اور سیکرٹری آف انفارمیشن بھی رہے۔

نعیم الحق گزشتہ 2 برس سے کینسر میں مبتلا تھے لیکن اس کے باوجود وہ سیاسی سرگرمیوں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے، گزشتہ کچھ عرصے سے ان کی طبیعت زیادہ خراب ہونے کے باعث وہ گھر تک محدود ہوگئے تھے، انہیں 2 روز قبل اسلام آباد سے کراچی کے آغا خان ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ ہفتہ کے روز انتقال کرگئے۔

مزید : قومی /سیاست