کرونا وائرس کی وجہ سے قرنطینہ میں کھڑے بحری جہاز کے مسافروں کو سب سے بڑی خوشخبری سنادی گئی
ٹوکیو (ڈیلی پاکستان آن لائن) کرونا وائرس کی وجہ سے جاپان کے پانیوں میں قرنطینہ میں کھڑے لگژری کروز شپ ڈائمنڈ پرنسس کے مسافروں کو 21 فروری تک جہاز سے نکالنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
18 فروری سے جاپانی حکومت کی جانب سے لگژری کروز پر پھنسے مسافروں کے نئے ٹیسٹ شروع کیے جائیں گے ، ان ٹیسٹوں کے مکمل ہونے میں 3 دن کا وقت لگے گا، جو لوگ کرونا وائرس سے محفوظ ہوں گے انہیں گھروں کو بھیج دیا جائے گا جبکہ متاثرہ لوگوں کو جاپان کے ایک ہسپتال میں منتقل کیا جائے گا۔
جاپان کی وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈائمنڈ پرنسس پر موجود مہمانوں کو کلیئرنس ملنے کے بعد گھروں کو لوٹنے کی اجازت دے دی جائے گی جبکہ عملے کے افراد کو کچھ عرصہ قرنطینہ میں ہی رکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ ڈائمنڈ پرنسس نامی لگژری کروز شپ 3 فروری سے جاپان کے شہر یوکو ہاما کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہے، اس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 3600 افراد موجود ہیں ۔