وزیر خزانہ کااشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام،دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت
اسلام آباد (این این آئی)وزیر خزانہ شوکت ترین نے قیمتوں میں استحکام و دستیابی کیلئے چینی اور گندم کے ذخائر کو تقویت دینے کی ہدایت کی اور کہاکہ عالمی مارکیٹ کے مطابق مقامی قیمتوں میں بھی کمی، یوٹیلیٹی سٹورز کو روزانہ استعمال کی اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ پیر کو وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء، مشیروں، معاونین خصوصی و وزارتوں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔اجلاس میں مشیر خزانہ ڈویژن نے بریفنگ دی کہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 0.08 فیصد کمی ہوئی، 33 اشیاء کی قیمتوں میں کمی، 14 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا، ٹماٹر 0.24، آلو 0.04، پیاز 0.04 فیصد سستا ہوا، لہسن 0.04 فیصد، چکن 0.20 اور کیلے 0.03 فیصد مہنگے ہوئے۔ سیکرٹری خزانہ نے کہاملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں استحکام برقرار ہے۔ انڈوں کی قیمت میں گذشتہ 5 ہفتوں سے مسلسل کمی واقع ہورہی ہے۔وزیر خزانہ نے سندھ میں دودھ کی بڑھتی ہو ئی قیمتوں پرفوری اقدامات کی ہدایت کی۔ کمیٹی نے اطمینان کااظہار کیاکہ ملک میں گندم کی وافر ذخائر بھی موجود ہیں۔ اجلاس میں ملک میں چینی کے ذخائر اور قیمتوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے شرکاء کو سستا سہولت بازاروں پر بھی بریفنگ دی گئی۔وزیر خزانہ نے قیمتوں پر کنٹر و ل کیلئے ہر ممکن ٹھوس اقدامات کی ہدایت کی۔
وزیر خزانہ ہدایت