اے این پی کا پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ میں شرکت کا فیصلہ 

      اے این پی کا پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ میں شرکت کا فیصلہ 

  

 پشاور(آن لائن)قومی اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کی قیادت میں پی پی وفد نے باچاخان مرکز پشاور کا دورہ کیا۔ سیکرٹری جنرل اے این پی میاں افتخارحسین، سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان اور دیگر رہنماں نے انکا استقبال کیا۔ پی پی پی وفد میں صوبائی صدرنجم الدین خان، صوبائی سیکرٹری اطلاعات امجد آفریدی اور دیگر شامل تھے۔پی پی پی رہنماؤں نے اے این پی قائدین سے ملاقات کی، جس میں اے این پی کے مرکزی سیکرٹری خارجہ امور سید عاقل شاہ، صوبائی سیکرٹری ثقافت خادم حسین اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی کے وفد کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنر ل میاں افتخار حسین نے کہا اے این پی موجودہ جعلی حکومت کیخلاف ہر قسم کے آئینی اقدامات کی حمایت کریگی۔ عوامی نیشنل پارٹی نے پی پی پی کے لانگ مارچ میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔ اے این پی جمہوریت کی مضبوطی کی اور موجودہ حکومت کے خاتمے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی سب سے کرپٹ ترین حکومت ہے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ حکمرانوں کی طرز حکمرانی کا پردہ چاک کرچکی ہے۔ کرپشن کے ریکارڈ بنانیوالے کو ایوارڈزسے نوازنا سمجھ بالاتر ہے۔عوام پوچھنا چاہتے ہیں وزراء کوایواڈز کس کارکردگی کی بنیاد پر دیئے گئے، جبکہ ملک میں مہنگائی، بیروزگاری عروج پر اور معاشی صورتحال قابو سے باہر ہے۔ اے این پی روزاول سے اس جعلی حکومت کو ماننے کیلئے تیار نہیں۔پوری دنیا جانتی ہے پچھلے انتخابات میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا اور جعلی حکمرانوں کو مسلط کیا گیا، ہمارا مطالبہ موجودہ حکومت کا خاتمہ  اور ملک میں نئے سرے سے شفاف انتخابات کا انعقاد ہے۔ انہوں نے کہاجب تک نیشنل ایکشن پلان پر من وعن عملدرآمد نہیں کیا جاتا حالات مزید خراب ہونگے۔ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اے این پی کے منشور کا حصہ ہے، ہم صوبہ میں بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی پی رہنما خورشید شاہ نے کہا پاکستان کا سب سے نالائق ترین آدمی خودموجودہ وزیر اعظم ہے۔ تین مہینے میں سب ٹھیک کرنے کا وعدہ کرنیوالوں نے ملک کو مزید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ ملک میں موجودہ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے معاشی بحران عروج پر ہے۔ عدم اعتماد کی تحریک کا فیصلہ اسلام آباد پہنچنے کے بعد کرینگے۔ اپوزیشن کو کمزور سمجھنے والوں کو لانگ مارچ سے بھرپو ر جواب دینگے۔ 

اے این پی

مزید :

صفحہ اول -