کالے شیشوں کا استعمال ‘ 208 گاڑی مالکان پر جرمانے عائد
پشاور(کرائم رپورٹر) صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے ٹریفک پولیس افسران کے ہمراہ جی ٹی روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے بیشتر گاڑی مالکان کو کالے شیشوں کے استعمال اور جعلی نمبر پلیٹ لگانے پر موقع پر جرمانہ کر دیا جبکہ گاڑیوں سے کالے سٹیکرز اور جعلی نمبر پلیٹوں کو ہٹا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر احسان علی شاہ نے ٹریفک پولیس افسران کے ہمراہ جی ٹی روڈ پر گاڑیوں کا معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران گاڑیوں میں جعلی نمبر پلیٹوں اور کالے شیشوں کے استعمال پر208 گاڑی مالکان کو موقع پر جرمانہ کرتے ہوئے جعلی نمبر پلیٹوں اور شیشوں سے کالے سٹیکرز کو ہٹا دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان نے انتظامی افسران کواپنے علاقوں میں کالے شیشے استعمال کرنے والی گاڑیوں اورجعلی نمبر پلیٹوں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے اور اس ضمن میں کوئی رعایت نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
