گیس لوڈشیڈنگ اور سلیب ریٹس میں اضافہ ، صارفین پریشان 

Feb 15, 2024

                                                                                                لاہور (دیبا مرزا سے )صوبائی دارالحکومت میں گیس کے بھاری بھرکم بلوں نے عوام کی چیخیں نکلوا دیں، گیس تو آتی نہیں بل ہزاروں میں آتے ہیں،گیس کے سلیب ریٹ عوام کے لیے عذاب بن گئے دوسری جانب موسم تبدیل ہونے کے باوجود بھی گیس کی لوڈ شیڈنگ میں کمی نہ آئی ۔محکمہ سوئی گیس کی طرف سے دیے گئے گیس لوڈ شیڈنگ کے شیڈول بھی ہوا ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق بیشتر علاقوں میں گیس لوڈ شیڈنگ کے دیے گئے اوقات کار کے مطابق نہ تو گیس بھیجی جاتی ہے اور نہ ہی گیس آتی ہے البتہ گیس کے بل ضرور وقت پر آتے ہیں اس حوالے سے روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں کا کہنا ہے کہ لگتا ہے کہ محکمہ سوئی گیس نے عوام سے انہی تین چار ماہ میں پورے سال کے گیس کے بل ادا کر لینے ہیں کچھ خدا کا خوف کریں ۔ غریب ادمی بل کہاں سے ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ سارا سارا دن کھانا بنانے کے لیے گیس کا انتظار کرتے ہیں اور اگر گیس آتی بھی ہے تو صرف ایک یا دو گھنٹے اور اس ایک اور دو گھنٹے کے بل اس قدر زیادہ ہوتے ہیںکہ سمجھ نہیں آتا کہ ہم کون کون سے بل ادا کریں۔ واضح رہے کے آئی ایم ایف کی شرط پر گیس کی قیمتوں میں ابھی تک اضافہ نہیں کیا گیا، آئی ایم ایف کی گیس کی قیمتوں میں اضافے کی ڈیڈ لائن15 فروری تک کی ہے۔اوگرا نے گیس کا اوسط ٹیرف مزید35.13 فیصد تک بڑھانے کی سفارش کی ہے، اوگرا نے گیس کی قیمتوں سے متعلق ورکنگ وزارت پٹرولیم کو بھجوائی تھی اگر اس میں اضا فہ کر دیا جا تا ہے تو گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو جا ئے گا ۔

مزیدخبریں