چیمپئینز ٹرافی وارم اَپ میچ؛ شاداب الیون نے افغانستان کو ہرادیا

لاہور (ویب ڈیسک) چیمپئینز ٹرافی کے گروپ اے میں سیمی فائنل کی مضبوط دعویدار افغانستان کی ٹیم کو شاداب الیون نے 144 رنز کے بڑے مارجن سے ہرادیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جمعہ کے روز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کی تیاریوں کے سلسلے میں پہلا وارم اَپ میچ کھیلا گیا، جس میں پاکستان شاہینز کی کپتانی آل راؤنڈر شاداب خان کررہے تھے۔
پاکستان شاہینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حسین طلعت، محمد عرفان خان اور محسن ریاض کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 314/8 کا بڑا مجموعہ بورڈ پر لگایا۔
حسین طلعت 70 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، اس کے بعد محسن اور عرفان نے بالترتیب 61 اور 57 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی بیٹنگ یونٹ 38.4 اوورز میں محض 170 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور میگا ایونٹ کے آغاز سے قبل انہیں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔
شاہینز کی جانب سے کپتان شاداب خان نے 29 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
افغان ٹیم شاہینز سے شکست کے بعد اپنا دوسرا وارم اَپ میچ نیوزی لینڈ کیخلاف 16 فروری کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گی۔
دوسری جانب پاکستان شاہینز کا مقابلہ 17 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جنوبی افریقا سے ہوگا جبکہ اس کا دوسرا اسکواڈ اسی دن دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں بنگلادیش کے خلاف ایکشن میں ہوگا۔