’قتل کی وجہ لڑکی بنی‘، مصطفیٰ عامر کے قتل کی تفصیلات سامنے آگئیں

کراچی (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے ڈیفنس سے لاپتہ ہونے والے مصطفیٰ عامر کے قتل کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ جن میں انکشاف ہوا کہ مقتول اور ملزم کے درمیان جھگڑا ایک لڑکی کی وجہ سے ہوا۔
تفتیشی حکام کے مطابق مصطفیٰ عامر اور ملزم ارمغان آپس میں دوست تھے اور نیو ایئر نائٹ کے موقع پر دونوں میں ایک لڑکی کی وجہ سے جھگڑا ہوا تھا۔ تلخ کلامی کے بعد ارمغان نے مصطفیٰ اور لڑکی کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ 6 جنوری کو ارمغان نے مصطفیٰ کو بلایا اور تشدد کا نشانہ بنایا، جبکہ مارشا نامی لڑکی 12 جنوری کو بیرون ملک فرار ہو گئی۔ کیس میں لڑکی کا بیان انتہائی ضروری قرار دیا گیا ہے، اور انٹرپول کے ذریعے اس سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق لاش ملنے کے بعد مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کر دی گئی ہیں۔ حب پولیس نے کراچی پولیس کو لاش کی اطلاع دی تھی اور ڈی این اے نمونے لینے کے بعد ایدھی کے حوالے کیا تھا۔
مزید تفتیش میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ دوسرا ملزم شیراز، ارمغان کے پاس کام کرتا تھا اور قتل کی منصوبہ بندی اور لاش چھپانے میں شامل تھا۔ پولیس ملزم ارمغان کے ریمانڈ کے لیے عدالت سے درخواست دائر کرے گی۔
تفتیشی حکام کے مطابق مصطفیٰ کا اصل موبائل فون تاحال برآمد نہیں ہو سکا، جبکہ ملزم ارمغان سے لڑکی کی تفصیلات، آلۂ قتل اور موبائل فون کے بارے میں مزید تفتیش کی جائے گی۔