ایف بی آر صرف ٹیکس وصولی کرے گا، حکومت نے اہم اختیارات واپس لے لئے

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی حکومت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے اہم اختیارات واپس لے لیے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ میں ٹیکس پالیسی آفس قائم کردیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیکس پالیسی سازی اور ٹیکس وصولی کو الگ الگ کردیا گیا، اب ایف بی آر صرف ٹیکس وصولی کے کام تک محدود رہےگا، ایف بی آر ریونیو بڑھانے کے لئے صرف ٹیکس تجاویز پر عملدرآمد پر توجہ دے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیکس پالیسی آفس براہ راست وزیرخزانہ وریونیو کو رپورٹ کرےگا، ٹیکس پالیسی آفس حکومتی اصلاحاتی ایجنڈا بنانے پرکام کرےگا، ٹیکس پالیسی آفس ٹیکس پالیسیوں اور تجاویز کا تجزیہ کرےگا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈیٹا ماڈلنگ، ریونیو، اکنامک فارکاسٹنگ کے ذریعے ٹیکس پالیسیوں اور تجاویز کا تجزیہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق یہ آئی ایم ایف کا دیرینہ مطالبہ تھا اور آئی ایم ایف کو ٹیکس پالیسی سازی اور وصولی عمل کو خود مختار رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، ٹیکس پالیسی آفس انکم، سیلز ٹیکس، ایف ای ڈی سے متعلق پالیسی رپورٹس وزیرخزانہ کوپیش کرےگا، ٹیکس فراڈ کم کرنے کے لئے خامیوں پر قابو پاکر ٹیکس کے نفاذ پر توجہ دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس پالیسی آفس اگلے مالی سال سے کام شروع کرےگا جبکہ نوٹیفکیشن میں عملدرآمد کی تاریخ درج نہیں کہ کب ٹیکس پالیسی آفس وزارت خزانہ کو منتقل ہوگا تاہم ذرائع آئندہ مالی سال تک اس پر عملدرآمد کا امکان ظاہر کررہے ہیں۔