ایلون مسک کی ڈوج نے بائیڈن انتظامیہ کے "غلط جگہ پر رکھے گئے" 1.9 ارب ڈالر برآمد کرلیے

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی حکومت کے اخراجات میں غیر ضروری ضیاع کو ختم کرنے کے لیے کام کرنے والے ادارے ڈیپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشینسی (DOGE) نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے بائیڈن انتظامیہ کے تحت "غلط جگہ پر رکھے گئے" 1.9 ارب ڈالر کی رقم برآمد کر لی ہے۔ یہ فنڈز محکمہ ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ (ایچ یو ڈی) سے تعلق رکھتے تھے اور اب انہیں دوبارہ حاصل کر لیا گیا ہے۔
فوکس نیوز کے مطابق DOGE کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا "بائیڈن انتظامیہ کے دوران ناقص عمل کی وجہ سے ایچ یو ڈی کے 1.9 بلین ڈالر غلط جگہ پر رکھے گئے تھے جنہیں اب برآمد کر لیا گیا ہے۔ یہ فنڈز مالیاتی خدمات کی ایڈمنسٹریشن کے لیے مختص کیے گئے تھے لیکن اب ان کی ضرورت نہیں رہی تھی۔" ایچ یو ڈی کے سیکرٹری سکاٹ ٹرنر نے DOGE کے ساتھ مل کر اس مسئلے کو حل کیا اور ان فنڈز کو "ڈی اوبلیگیٹ" کر دیا جس کے بعد یہ اب محکمہ خزانہ کے پاس واپس آگئے ہیں۔