لفٹ لینے والی خاتون کے ساتھ چلتی گاڑی میں زیادتی

لفٹ لینے والی خاتون کے ساتھ چلتی گاڑی میں زیادتی
لفٹ لینے والی خاتون کے ساتھ چلتی گاڑی میں زیادتی
سورس: PxHere

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست راجستھان کے شہر اُدے پور میں  ایک 40 سالہ خاتون کو چار افراد نے لفٹ دینے کے بہانے اپنی گاڑی میں بٹھایا اور پھر اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنادیا۔ یہ واقعہ پرتاپ نگر تھانے کی حدود میں پیش آیا۔ متاثرہ خاتون نے پولیس کو بیان دیا کہ وہ  کسی ضروری کام کے لیے پرتاپ نگر گئی تھی۔

نیوز 18 کے مطابق  رات 9 بجے کے قریب وہ واپسی کے لیے گاڑی کا انتظار کر رہی تھی  لیکن جب کوئی سواری نہ ملی تو اس نے سڑک سے گزرتی ایک کار میں موجود افراد سے لفٹ مانگی۔ چار افراد نے انہیں گاڑی میں بٹھا لیا لیکن جب وہ اپنی منزل پر پہنچیں تو ان افراد نے گاڑی روکنے کے بجائے راستہ بدل لیا اور انہیں ڈابوک کی طرف لے گئے۔

خاتون نے پولیس کو بتایا کہ گاڑی میں موجود دو افراد نے ان پر حملہ کیا اور زیادتی کی۔ حملہ آوروں نے انہیں ایک کالج کے قریب لے جا کر آہنی راڈ سے مارا پیٹا اور سنسان جگہ پر پھینک کر فرار ہو گئے۔ متاثرہ خاتون کو چہرے اور سر پر شدید چوٹیں آئیں، اور وہ کچھ دیر تک بے ہوش رہی۔ ہوش میں آنے کے بعد وہ کسی طرح کالج کے گیٹ تک پہنچی جہاں چوکیدار نے اسے پانی پلایا۔ بعد ازاں وہ ایک قریبی ہوٹل تک پہنچی  اور وہاں کے گارڈ کو اپنے ساتھ ہونے والے ظلم سے آگاہ کیا۔

پولیس کو اطلاع ملتے ہی وہ جائے وقوعہ پر پہنچی اور خاتون کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ قریبی علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔

مزید :

جرم و انصاف -