انوکھا انتقام، لڑکی نے ویلنٹائن ڈے پر سابق بوائے فرینڈ کو 100 پیزے بھجوا دیئے

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) گڑگاؤں سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ آیوشی راوت نے ویلنٹائن ڈے پر اپنے سابق بوائے فرینڈ یش سانگھوی کے لیے 100 پیزے آرڈر کر دیئے۔ یہ آرڈر کیش آن ڈیلیوری (سی او ڈی) پر دیا گیا تھا جس کا مطلب یہ تھا کہ سابق بوائے فرینڈ کو خود یہ بل ادا کرنا تھا۔ یہ واقعہ اس وقت منظرعام پر آیا جب ایک ڈیلیوری بوائے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں وہ 100 پیزا کے ڈبے یش سانگھوی کے دروازے پر رکھ رہا تھا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ حرکت محبت کا اظہار تھی یا بریک اپ کا بدلہ؟ انٹرنیٹ صارفین کے درمیان بحث چھڑ گئی۔ کچھ نے آیوشی کے اس اقدام پر تنقید کی جبکہ کچھ نے اسے محض ایک مارکیٹنگ سٹنٹ قرار دیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ اگر لڑکی نے یہ آرڈر اپنے نمبر سے دیا تھا تو لڑکا آسانی سے انکار کر سکتا تھا کہ یہ اس کا آرڈر نہیں ہے، اور الٹا لڑکی مشکل میں پڑ سکتی تھی۔ بعض صارفین نے اس اقدام کو "انتقام" کا نام دیا، جبکہ بعض نے اس پر شبہ ظاہر کیا کہ اتنا بڑا آرڈر سی او ڈی پر کیسے دیا جا سکتا ہے۔