رواں مالی سال اسلامی بینکار ی کا منافع 3 ارب 80 کروڑ روپے بڑھ گیا

رواں مالی سال اسلامی بینکار ی کا منافع 3 ارب 80 کروڑ روپے بڑھ گیا

  

            اسلام آباد (اے پی پی) گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال 2014-15ءکی پہلی سہ ماہی کے دوران اسلامی بینکاری کی صنعت کے منافع میں 3 ارب 80 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے ۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی اسلامک بینکنگ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تاستمبر 2014 کے دوران ملک میں خدمات فراہم کرنے والی اسلامی بینک کاری کی صنعت نے 9 ارب 40 کروڑ روپے کا نفع حاصل کیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران شعبہ کے منافع کا حجم 5 ارب 60 کروڑ روپے ریکارڈ کیاگیا تھا ۔رپورٹ کے مطابق رواں سال اسلامی بینکنگ کے شعبہ کے اثاثہ جات میں 1.3 فیصد کا اضافہ ہونے سے اس کے اثاثے بڑھ کر 1102 ارب روپے تک پہنچ گئے جو گزشتہ مالی سال میں جولائی تا ستمبر 2013ءکے دوران 1089 ارب روپے تھے ۔اسی طرح شعبہ کے ڈیپارزٹس 934 ارب روپے کی سطح تک پہنچ گئے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جون 2014ءکے اختتام پر اسلامی بینکاری کے شعبہ اثاثہ اورڈیپازٹس مجموعی بینکنگ انڈسٹری کے اثاثوں اور ڈیپازٹس کا 9.8 فیصد اور 10.6 فیصد تھے جو ستمبر 2014ءکے اختتام تک بڑھ کر بالترتیب 9.9 فیصد اور 10.7 فیصد تک پہنچ گئے ۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ انڈسٹری کی سرمایہ کاری میں ایک فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔جون 2014 کے اختتام تک تین ماہ کے دوران شعبہ میں 358 ارب روپے کی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی جو جولائی تاستمبر کے تین ماہ کے دوران کم ہوکر 354 ارب روپے ہوگئی ۔اقتصادی ماہرین نے کہاکہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران بین الاقوامی سطح پر اسلامی بینکاری کے شعبہ نے قابل قدر ترقی کی ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ آنے والے چند سالوں کے دوران اسلامی بینکنگ کی صنعت کی شرح میں ترقی میں مزید اضافہ ہوگا جس سے شعبہ کے منافع میں قابل تعریف حد تک اضافہ ہوگا۔

مزید :

کامرس -