نیوزی لینڈ اور سری لنکا دوسرے ون ڈے میں آج پنجہ آزما ہو نگے
ہملٹن (سپورٹس ڈیسک) نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سات ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ آج جمعرات کو ہملٹن میں کھیلا جائے گا۔ میزبان ٹیم کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ میزبان ٹیم نے پہلے میچ میں آئی لینڈرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اپنے ایک بیان میں کیوی قائد نے کہا کہ پہلے ون ڈے میں فتح کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے، حریف ٹیم کو دوسرے میچ میں بھی شکست دے کر سیریز میں برتری دوگنی کر لیں گے۔ دوسری جانب سری لنکن کپتان اینجیلو میتھیوز نے کہا کہ پہلے میچ میں کھلاڑیوں نے اچھا مقابلہ کیا لیکن قسمت نے ہمارا ساتھ نہ دیا، شکست سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوئے، دوسرا میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کی کوشش کریں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ 17 جنوری کو آکلینڈ، چوتھا میچ 20 جنوری کو نیلسن، پانچواں میچ 23 جنوری کو ڈونیڈن، چھٹا میچ 25 جنوری کو ڈونیڈن جبکہ ساتواں اور آخری میچ 29 جنوری کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں کیویز نے آئی لینڈرز کو 2-0 سے کلین سویپ کیا تھا۔