بگ بیش لیگ، ایڈیلیڈ سٹرائیکرز نے سڈنی سکسرز کوشکست دیدی
سڈنی (سپورٹس ڈیسک) بگ بیش ٹی ٹونٹی کرکٹ لیگ میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرز نے سڈنی سکسرز کو 23 رنز سے ہرا دیا۔ سکسرز کی ٹیم 182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آخری اوور کی چوتھی گیند پر 159 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ جورڈن سلک کی جارحانہ اننگز بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔ سلک نے 34 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 67 رنز کی اننگز کھیلی۔ یوہان بوتھا عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ بدھ کو کھیلے گئے میچ میں سٹرائیکرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 182 رنز بنائے، کریگ سیمنز 46 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان یوہان بوتھا 41 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ڈگ بولنجر، نیتھن لائن، سین ایبٹ، موئسز اور سٹیو او کیفی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں سکسرز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم آخری اوور میں 159 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ جورڈن سلک نے ٹیم کو فتح دلانے کیلئے آخر دم تک کوشش کی تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکے اور 67 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہو گئے۔
یوہان بوتھا، کین رچرڈسن اور شان ٹیٹ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔