صحافی کالونی میں سنٹر آفایکسی لینس اور ڈے کیئر سنٹر تعمیر کئے جائیں گے،رانا ارشد
لاہور( نمائندہ خصوصی)وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صحافی کالونی لاہور کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ماڈل بنانے کے لئے تیز تر اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں اس سلسلے میں 18 کنال پر مشتمل سنٹر آف ایکسیلینس اور 2 کنال پر مشتمل ڈے کیئر سنٹر تعمیر کئے جائیں گے اس امر کا اظہار پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن و کلچر رانا محمد ارشد نے صحافی کالونی ہربنس پورہ میں اجلاس سے خطاب کے دوران کیااس موقع پر ایم ڈی دانش سکول کرنل (ر) احتشام انور، جی ایم انجینئر دانش سکول غضنفر، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری اور صحافی کالونی کے فوکل پرسن سید حسیب زیدی بھی موجود تھے-پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد ارشد نے کہا کہ کالونی میں جدید تقاضوں سے مزین سکول قائم کیا جائے گا اس سلسلے میں پرائیویٹ سیکٹر سے باہمی مشاورت سے یہ لائحہ عمل مکمل کیا جائے گا - انہوںنے کہا کہ بچوں کی بہترین نگہداشت اور ان کی حفاظت کے لئے جدید اور سائنسی انداز پر مشتمل ڈے کیئر سنٹر کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا اس سلسلے میں ان دونوں پراجیکٹس کے لئے 20 کنال اراضی مختص کر دی گئی ہے - انہوں نے کہا کہ کالونی میں بنایا جانے والا پارک شہر کے خوبصورت ترین پارکوں میں شمارہو گا- انہوںنے کہا کہ صحافی کالونی لاہور کے ماتھے کا خوبصورت ترین جھومر ثابت ہو گی بعد ازاں پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد ارشد نے ٹیم کے ہمراہ صحافی کالونی کا دورہ بھی کیا-