موبائل ہیلتھ یونٹس خریدنے کے منصوبے پر پیش رفت جاری ہے، سلمان رفیق

موبائل ہیلتھ یونٹس خریدنے کے منصوبے پر پیش رفت جاری ہے، سلمان رفیق

  

لاہور( جنرل رپورٹر)مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ صوبے کے دوردرازعلاقوں کے عوام کو بہتر طبی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانے کے لئے مزید موبائل ہیلتھ یونٹس خریدنے کے منصوبے پر تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے اور اس سلسلہ میں وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ٹیکنیکل کمیٹی نے موبائل ہیلتھ یونٹ کے ٹرالر کی چیسی ، باڈی اور دیگر پارٹس کے بارے Specifications پر مبنی رپورٹ پیش کر دی ہے اور آئندہ چند دنوں کے اند ریہ سفارشات وزیر اعلی کو منطوری کے لئے پیش کر دی جائیں گی - انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں موبائل ہیلتھ یونٹس خریدنے کے لئے ٹیکنیکل کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی - اجلاس میں بہاولپور سے رکن پنجاب اسمبلی عدنان فرید کے علاوہ سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز ، چیف پلاننگ آفیسر محکمہ صحت عبدالحق بھٹی ، ڈائریکٹر جنرل PCSIR لیبارٹریز ، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے انجینئرز اور دیگر ممبران کمیٹی نے شرکت کی - اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل PCSIR لیبارٹریزنے موبائل ہیلتھ یونٹ کے ٹرالر وہیکلز کی ساخت اور اس میں استعمال ہونے والے میٹریل کے بارے Specifications پر مبنی سفارشات بارے بریفنگ دی - خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ موبائل ہیلتھ یونٹ میں فراہم کی جانے والی تشخیصی اور علاج کی سہولیات اور اس کے ٹرالر کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا - انہوں نے کہا کہ موبائل ہیلتھ یونٹس کوالٹی اور پائیداری میں بین الاقوامی معیار کے ہونے چاہئیں اور انہیں خریدتے وقت اپنے صوبے کے موسم اور مقامی ضروریات اور سڑکات کی صورتحال کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے- سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک نے ہدایت کی کہ موبائل ہیلتھ یونٹس کی خریداری کے سلسلہ میں تمام پروسیجرز جلد از جلد مکمل کئے جائیں -

مزید :

علاقائی -