جوہر ٹاؤن ،گاڑی چوری کا مقدمہ درج کرانے کیلئے پی ٹی سی ایل انجینئر تھانہ کے چکر لگانے پر مجبور

جوہر ٹاؤن ،گاڑی چوری کا مقدمہ درج کرانے کیلئے پی ٹی سی ایل انجینئر تھانہ کے ...
 جوہر ٹاؤن ،گاڑی چوری کا مقدمہ درج کرانے کیلئے پی ٹی سی ایل انجینئر تھانہ کے چکر لگانے پر مجبور

  

لاہور(کرائم سیل)گاڑی چوری ہونے کے بعد مقدمہ درج کروانے کے لیے پی ٹی سی ایل کا انجینئر تھانہ کے چکر لگانے پر مجبور ہو گیا۔پولیس اہلکار وں نے دو دن تک لیت ولعل سے کام لینے کے بعد مقدمہ درج کیا جس کی وجہ سے چوروں کو فرار ہونے کا موقع مل گیا ہے ،متاثرہ شخص کا الزام۔نمائندہ\" پاکستان\" سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ شخص ماجد رفیق نے بتایا کہ وہ پی ٹی سی ایل وفاقی کالونی میں بطور انجینئر خدمات سر انجام دے رہاہے۔ تین روز قبل وہ جوہر ٹاؤن G-1بلاک کی مارکیٹ میں خریداری کے لیے گیا جہاں پارکنگ میں اپنی گاڑی خیبر 98ماڈل LXF-8147 کھڑی کی ۔ آدھے گھنٹے بعد واپس آیا تو گاڑی وہاں موجود نہیں تھی ۔آس پاس کے لوگوں سے پتہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ ایک نوجوان اس گاڑی کو لے کر چلا گیا ہے اس حوالے سے میں نے 15پر کال کی اور پولیس نے آ کر تمام واقعہ کی تفتیش کی لیکن دو دن تک مقدمہ درج نہیں کیا گیا ۔بعد ازاں تھانہ کے 10چکر لگانے کے بعد گزشتہ رات کو مقدمہ درج کر لیا گیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اہلکار یہ کہکر ہمیں ٹر خاتے رہے کہ ہم اپنے رشتہ داروں اور جاننے والوں سے پتہ کریں شاید ان میں سے کوئی گاڑی لے گیا ہو ۔اس طرح سے پولیس اہلکاروں نے چوروں کو فرار ہونے کے لیے بہت زیادہ وقت مہیا کر دیا ہے ۔انہوں نے پولیس حکام سے اپیل کی کہ وہ معاملے کا نوٹس لے کر متعلقہ پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کریں اور چوروں کو پکڑ کر انہیں انصاف فراہم کیا جائے ۔اس حوالے سے تھانہ جوہر ٹاؤن میں رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ مکمل تحقیق کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جلد ہی چوروں کو گرفتار کر کے گاڑی بازیاب کر لی جائے گی۔

مزید :

علاقائی -