تعلقات سنوارنے کا سنہری موقع، سعودی عرب اور ایران کیلئے بہت بڑی پیشکش آگئی
ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لئے بالآخر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) کی صورت میں امید کی کرن نظر آ گئی ہے۔ نیوز سائٹ ’عرب نیوز‘ کے مطابق او آئی سی کے ڈائریکٹر برائے سیاسی معاملات طارق بخت کا کہنا ہے کہ ادارے نے ایران میں سعودی عرب کے سفارتخانے پر مظاہرین کے حملے کی سخت مذمت کی ہے، لیکن اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی کہ دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کی فضاء کو پر امن سفارتی ذرائع سے بہتر کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر او آئی سی سے ثالثی کرنے کو کہا گیا تو یہ ادارہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لئے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
مزید جانئے: سعوی عرب نے ایران کے خلاف انوکھا ترین طریقہ اپنالیا، ایک ایسے میدان میں مشکل کھڑی کردی جس کی کسی کو بھی توقع نہ تھی
انہوں نے مزید کہا کہ فرقہ پرستی مسلم دنیا کو شدید نقصان پہنچارہی ہے اور یہ کہ او آئی سی کسی ایک فریق کی حمایت نہیں کرسکتی، البتہ امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے لئے ضرور کوشش کرے گی۔ طارق بخت کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں جلد ہی منعقد ہونے والی اہم میٹنگ میں تازہ ترین پیشرفت پر غور کیا جائے گا اور مسائل کے پرامن حل کے لئے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔