ساؤتھ ایشین گیمز کیلئے حکومتی حکم ، قومی دستے کو بائی بس بھارت جانے سے روک دیا

ساؤتھ ایشین گیمز کیلئے حکومتی حکم ، قومی دستے کو بائی بس بھارت جانے سے روک ...

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے کہا ہے کہ حکومت نے آئندہ ماہ شیڈول ساؤتھ ایشین گیمز میں شرکت کے سلسلے میں قومی دستے کو سڑک کے ذریعے سفر کر کے بھارت جانے کی اجازت نہیں دی۔ میگا گیمز 6 سے 16 فروری تک بھارت میں منعقد ہوں گے جس میں 442 رکنی پاکستانی دستہ مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں تمغوں کے حصول کیلئے قسمت آزمائی کرے گا۔ اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے پی ایس بی کے ڈائریکٹر جنرل اخترنواز گنجیرا نے بتایا کہ متعلقہ اتھارٹیز نے ساف گیمز میں قومی دستے کی شرکت کے حوالے سے سڑک کے ذریعے سفر کر کے بھارت جانے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے، شیڈول کے مطابق قومی دستے نے پہلے اسلام آباد سے لاہور اور پھر نئی دہلی جانا تھا تاہم حکومت نے قومی ایتھلیٹس کو سڑک کے ذریعے سفر کر کے بھارت جانے سے روک دیا ہے اور اب قومی دستہ بذریعہ جہاز بھارت جائے گا۔ 442 رکنی قومی دستے میں 146 مرد اور 138 خواتین ایتھلیٹس شامل ہیں جو 21 مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے گیمز کے دوران پاکستانی ایتھلیٹس کو فل پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہوئی ہے۔ بھارت نے وزارت بین الصوبائی رابطہ کے وزیر ریاض حسین پیرزادہ کو افتتاحی تقریب میں شرکت کی خصوصی دعوت دی ہوئی ہے تاہم ان کی شرکت ایتھلیٹس کی شرکت سے مشروط ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ گیمز میں قومی ایتھلیٹس نے بہترین نتائج دیئے تھے، امید ہے کہ ایتھلیٹس اس بار بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...