حکومتی پالیسیوں کے ثمرات بہت جلد عوام کے سامنے آئیں گے،خالد سلہریا

حکومتی پالیسیوں کے ثمرات بہت جلد عوام کے سامنے آئیں گے،خالد سلہریا

جوہانسبرگ(بیورورپورٹ)پاکستان مسلم لیگ(ن) جوہانسبرگ کے صدر خالد سلہریانے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائدو وزیراعظم میاں نوازشریف ملک وقوم کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خاتمہ او روطن عزیز کی جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کیلئے بھی انقلابی اقدامات اٹھا رہے ہیں، حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کے ثمرات بہت جلدعوام کے سامنے آئیں گے۔ روز نامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے خالد سلہریا نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے پاکستان کو ایٹمی صلاحیت عطاکی،آج دشمن قوتیں پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرسکتیں۔انہوں نے کہاکہ عوام کو سکون کی نیندیں لوٹانے اور دہشت گردی و لاقانونیت کو جڑوں سے اکھاڑنے کیلئے شروع کئے جانیوالے آپریشن ضرب عضب کو ہر صورت میں پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے گا جبکہ وطن عزیز میں معاشی و اقتصادی وانقلاب رونما کرنے کیلئے پاک چائنہ راہداری منصوبوں پر برق رفتاری سے کام جاری ہے۔خالد سلہریا نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی پالیسیاں وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہیں، وزیراعظم میاں نوازشریف کی حکومت عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اورا نہیں بنیادی مسائل سے نجات دلانے کا عزم کررکھا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کیلئے بلدیاتی انتخابات کا صاف اور منصفانہ انعقاد پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا یادگار کارنامہ ہے،اقتدار کی براہ راست عوام کو منتقلی کے بعد دورافتادہ اورپسماندہ علاقوں میں بھی ڈویلمینٹ کے عمل میں تیزی آئے گی اور لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہونے کی راہیں ہموار ہونگی۔

مزید : عالمی منظر