راولپنڈی میں پولٹری یونٹس کی رعائتی نرخوں پر تقسیم کا دوسرا مرحلہ مکمل

راولپنڈی میں پولٹری یونٹس کی رعائتی نرخوں پر تقسیم کا دوسرا مرحلہ مکمل

راولپنڈی(اے پی پی)محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ راولپنڈی نے ضلع بھر میں پولٹری یونٹس کی رعائتی نرخوں پر تقسیم کا دوسرا مرحلہ مکمل کر لیا ۔ڈسٹرکٹ آؔ فیسر لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ راولپنڈی ڈاکٹر ارشد لطیف ارشد نے یہاں میڈیا کو بتایاکہ محکمہ نے دیہی علاقوں میں پولٹری کی صنعت کے فروغ اور گھریلو سطح پر مرغبانی کی ترقی کے لیے سیکرٹری لائیو سٹاک نسیم صادق کی خصوصی ہدایات پر ضلع راولپنڈی کی تمام تحصیلوں میں 1500سے زائد پولٹری یونٹس کی تقسیم کا عمل شروع کیا تھا جس کے دوران دیہی علاقہ جات میں رعائتی نرخوں پر پولٹری یونٹس کی تقسیم کی گئی ۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر لائیو سٹاک راولپنڈی ڈاکٹر کمال ناصر نے پولٹری یونٹس کی تقسیم کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں 930یونٹس تقسیم کیے گئے جبکہ دوسرے مرحلہ میں راولپنڈی ،گوجر خان اور مری کی تحصیلوں میں مجموعی طور پر 586پولٹری یونٹس تقسیم کیے گئے ۔

انہوں نے بتایا کہ پولٹری یونٹس کا ایک سیٹ اعلی پیداواری صلاحیت کی حامل 13ہفتہ کی عمر کی پانچ مرغیوں اور ایک مرغے پر مشتمل ہوتا ہے اور یہ یونٹ مارکیٹ سے کم ریٹ پر دیہی علاقوں کے لوگوں میں تقسیم کیا جاتا ہے ۔ڈاکٹر کمال ناصر نے مزید بتایاکہ یہ پولٹری یونٹس 7سے 8ہفتہ بعد پیداوار دینا شروع کر دیتے ہیں جس سے معاشی فائدہ حاصل کیا جا سکتا ہے ۔سابق ڈسٹرکٹ آفیسر لائیو سٹاک راولپنڈی ڈاکٹر محمد یعقوب نے بتایا کہ پولٹری یونٹس کی تقسیم کے پہلے مرحلہ میں راولپنڈی کی 4مختلف تحصیلوں میں 930یونٹس تقسیم کیے گئے تھے جن سے پیداوار بھی شروع ہو گئی اور لوگوں نے محکمہ کی جانب سے پولٹری یونٹس کی تقسیم کے عمل کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے اسے مستقبل میں بھی جاری رکھنے کا مطالبہ کیا ۔

مزید : کامرس


loading...