اطالوی تاجر پاکستان کے ماربل اور گرینائٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں

اطالوی تاجر پاکستان کے ماربل اور گرینائٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ...

اسلام آباد( آن لائن )پاکستان سٹون دویلپمنٹ کمپنی (پاسڈیک) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زاہد مقصود شیخ نے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر آغا شاہد این خان اورڈپٹی جنرل منیجر پلاننگ پاسڈیک کے ہمراہ اسلام آباد میں متعین اٹلی کے سفیر سٹیفانو پونٹی کوروو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سی ای او پاسڈیک نے انہیں پاکستان میں ماربل اور گرینائٹ کی استعداد و صلاحیت سے آگاہ کرتے ہوئے پاسڈیک کی جانب سے اس سیکٹر کی ترقی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ انہوں نے بتایا کہ قدرت نے پاکستان کو ماربل اور گرینائٹ کے وسیع ذخائر سے نواز رکھا ہے جو ملک بھر میں موجود ہیں۔ انہوں نے اطالوی سفیر کو ملک میں بین الاقوامی معیار کے مطابق کوائریز کی میکنائزیشن کیلئے پاسڈیک کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس سلسلے میں استعمال ہونے والی تقریباً تمام مشینری اٹلی سے درآمد کی گئی ہے۔ انہوں نے سیکٹر کی ترقی کیلئے اہداف کے حصول کے لئے پاکستان اور اٹلی کے درمیان باہمی مدد و تعاون کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ اٹلی کے سفیر سٹیفانو پونٹی کوروو نے پاکستان سے متعلق اپنے گرم جوش جذبات کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفادات کے لئے پیش کئے گئے خیالات پر شکریہ ادا کیا ۔ اطالوی سفیر نے پاکستان میں ماربل اور گرینائٹ کی ترقی کیلئے پاسڈیک کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ انہونں نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی اشتراک کو بڑھانے کیلئے ماربل اور گرینائٹ سیکٹر کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان میں قدرتی پتھروں جن میں ماربل اور گرینائٹ شامل ہیں بہت بڑے ذخائر ہیں اور اٹلی کے پاس سٹون مائننگ اور پروسیسنگ کا کئی دھائیوں کا تجربہ ہے۔ اس شعبہ میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور اشتراک اٹلی اور پاکستان کی معیشتوں کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے مذید بتایا کہ اطالوی سرمایہ کار پاکستان میں ماربل اور گرینائٹ کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہشمند ہیں۔ اس سلسلے میں سفارتخانہ جلد مستحکم اطالوی سرمایہ کاروں کے دورہ کا انتظام کرے گا تاکہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری اور مشترکہ کاروبار کیلئے جگہیں تلاش کرسکیں۔

سی ای او پاسڈیک زاہد مقصود شیخ نے باہمی اشتراک کے لئے عزم اور دلچسپی لینے پر اطالوی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

مزید : کامرس