ایجوکیشن راؤنڈ اَپ

ایجوکیشن راؤنڈ اَپ

ہر سال پنجاب کے 100طلبا ء طالبات کو دُنیا کی بہترین یونیورسٹیوں سے اعلیٰ تعلیم دلائی جائے گی

ٹیلنٹ سکالر شپ پروگرام کے تحت ہرسال پنجاب کی سرکاری یونیورسٹیوں کے 100طلبا ؤ طالبات کو دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے وظائف دئیے جائیں گے۔ اس امر کا فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا۔

اقبال ہاسٹل گورنمنٹ کالج لاہور میں علامہ اقبال ؒ کے زیر استعمال

کمرہ دریافت

گورنمنٹ کالج (یونیورسٹی) لاہور کے بورڈنگ ہاؤس کا وہ کمرہ جہا ں علامہ اقبالؒ نے 1895ء سے1900ء تک اپنے زمانہ طالب علمی کے یاد گار لمحات گزارے آج بھی اپنی اصل حالت میں محفوظ ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امبر شاہ اور علامہ اقبالؒ کے پوتے منیب اقبالؒ نے کمرے کا افتتاح کیا۔تاریخی دستاویزات سے یہ بات تو عیاں تھی کہ علامہ اقبالؒ ہاسٹل کہلاتا ہے،میں رہائش پذیر رہے لیکن کوئی مستند شہادت یا دستاویز اتی ثبوت نہیں تھا۔سابق جسٹس جاوید اقبالؒ نے بھی اپنی وفات سے قبل اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ علامہ اقبالؒ نے بھی اپنی وفات سے قبل اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ علامہ اقبالؒ کے اصل کمرے کا تعین کیا جائے۔چنانچہ اس اہم تحقیق کے لئے جی سی یو وائس چانسلر نے ممتاز پروفیسر ڈاکٹر ظہیر احمد صدیقی ،ڈاکٹر خورشید رضوی اور جرمنی سے اقبالیات میں پی ایچ ڈی کرنے والے ڈاکٹر خالد محمود سنجرانی پر مشتمل تین رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔جس نے طویل تحقیق کے بعد علامہ اقبالؒ کے کمرے کا تعین کیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ کا کہنا تھا کہ کمرہ پچھلے تقریبا120برس سے اپنی اصل حالت میں موجود فرنیچر بھی اسی دور کا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ یہ کمرہ پوزیشن ہولڈرز کو الاٹ کیا جائے گا،کمرے میں علامہ اقبالؒ کی زمانہ طالب علمی میں لکھی گئی نظموں کی فہرست ،غلام بھیک نیرنگ کا مضمون اور اقبالؒ کی نظموں کے مسودات آویزاں کئے گئے ہیں۔

یونیورسٹی آف ایجوکیشن کا

چوتھا کانووکیشن

یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے چوتھے کانووکیشن میں مختلف موضوعات پر پی ایچ ڈی کرنے والے 44طلبا وطالبات کو ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں عطا کی گئیں۔جبکہ ایم فل کی 153 ڈگریاں جاری کی گئیں اور مختلف شعبہ جات کے 112طلبا اور طالبات کو میڈلز اور میرٹ سرٹیفکیٹ دئیے گئے ۔

مختلف امتحانات کے داخلہ

فارم کا شیڈول

پنجاب یونیورسٹی شعبہ امتحانات نے بی ایس (چار سالہ پروگرام) فرسٹ ،تھرڈ اور ففتھ سمسٹر 2016ء کے داخلہ فارم وفیس جمع کرانے کی آخری تاریخ 25جنوری2016ء کی ہے جبکہ بی ایس (چار سالہ پروگرام تھرڈ اور ففتھ سمسٹر 2016ء کے داخلہ فارم وفیس جمع کرنے کی آخری تاریخ 4مارچ 2016ء ہے امتحانات کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

حافظ آباد کی طالبہ کا اعزاز

ایم اے اسلامیات میں اول پوزیشن

گورنمنٹ کالج حافظ آباد کی طالبہ حمیرا مصدق نے ایم ۔اے اسلامیات 2015ء کے امتحان میں 805نمبر حاصل کرکے پنجاب بھر میں اول پوزیشن حاصل کی ہے۔

ساؤتھ ایشین سٹڈیز اور بائیو لو جیکل سائنسز کے مضامین میں پی ایچ ڈی

کی ڈگریاں جاری

پنجاب یونیورسٹی نے جویریہ جہانگیر دختر مقبول جہانگیر کو ساؤتھ ایشین سٹڈیز کے مضمون میں ان کے ’’ بلوچ قومیت پر ستی اور بلوچستان کی سیاسی اور معاشی ترقی پر اس کے اثرات ‘‘ کے موضوع پر اورمنیر احمد ولد بشیر احمد کو بائیو لوجیکل سائنسز کے مضمون میں ان کے ’’انسانی انسولین سے ماخوذ مرکبات کی فولڈنگ اور حیاتیاتی مراحل کی پیش کارکردگی‘‘ کے موضوع پر ی ایچ ڈی کی ڈگریاں جاری کر دی ہیں۔

عدنان خان خالق بھٹی پی آر او یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی

لاہور تعینات

عدنا ن خالق بھٹی کو پبلک ریلیشنز آفیسر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور تعینات کردیا گیا سیکشن بورڈ کی منظور کے بعد گزشتہ روز انہوں نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔

مزید : ایڈیشن 2