دنیا بھر کے سرمایہ کاروں نے پنجاب کا رخ کرلیا ،رانا بابر حسین

دنیا بھر کے سرمایہ کاروں نے پنجاب کا رخ کرلیا ،رانا بابر حسین

لاہور( کامرس رپورٹر)صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے سرمایہ کاروں نے پنجاب کا رخ کرلیا ہے انٹرنیشنل بزنس کانفرنس کا انعقاد حکومت پنجاب کا سنہر ا کارنامہ ہے ۔پنجاب میں ترقی کی رفتاردوسرے صوبوں سے زیادہ ہونے کا علم غیرملکی سرمایہ کاروں کوبھی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ غیرملکی سرمایہ کار کمپنیوں نے اس بین الاقوامی سیمینار میں شرکت کرکے وزیراعظم نواز شریف کی قیادت اور شفافپالیسیوں پر بھرپوراعتماد کا اظہار کیا ہے اب حکمرانوں کو بھی چاہیے کہ وہ ان کے اعتماد کی لاج رکھیں اور سرمایہ کاروں کو مکمل سکیورٹی فراہم کریں اوران کے منصوبوں کو کسی صورت سرخ فیتہ کی نظر نہ ہونے دیں گے۔

تمام غیرملکی سرمایہ کار پنجاب میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں اورمخمصے کا شکار دیگر سرمایہ کار بھی کھلے دل سے سرمایہ کاری کریں۔سیمینار میں اتنی بڑی تعداد میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی شرکت وزیراعظم محمد نوازشریف اوران کی حکومت کی ٹھوس معاشی وسرمایہ کاری پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے ۔پنجاب کے دل لاہور میں یہ صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا سرمایہ کاری کا سیمینار ہے جسے کامیاب بنانے کیلئے پنجاب حکومت ،وفاقی حکومت کے متعلقہ ادارے اورچین اورترکی میں پاکستان کے سفیر وں نے دن رات محنت کی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1