خواتین کے خلافبڑھتے ہوئے جرائم حکومت کی ناکامی ہے،خدیجہ عمر فاروقی

خواتین کے خلافبڑھتے ہوئے جرائم حکومت کی ناکامی ہے،خدیجہ عمر فاروقی

لاہور(لیڈی رپورٹر) مسلم لیگ (ق) کی رکن صوبائی اسمبلی و صدر شعبہ خواتین خدیجہ عمر فاروقی نے کہا ہے کہ پنجاب میں خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم حکومت کی ناکامی ہیں صوبہ میں خواتین کی الگ وزارت، صوبائی کمیشن اور صوبائی کمیشن ، صوبائی خاتون محتسب کی موجودگی میں خواتین کو تحفظ نہ ملنا تشویشناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دستیاب سرکاری دستاویز کے مطابق پنجاب میں روزانہ 8خواتین جنسی تشدد کا نشانہ اور 11عورتیں روزانہ حملوں کا شکار ہوتی ہیں اس کے علاوہ روزانہ 25خواتین کو اغواء کرلیا جاتا ہے ۔

خدیجہ فاروقی نے کہا کہ یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم کے باوجود عورتوں کے خلاف تشدد کے مرتکب افراد کو سزا ملنے کی شرح ایک فیصد سے اڑھائی فیصد کے درمیان ہے ،شواہد کے حصول میں مشکلات، متاثرہ خاتون کے پیچھے ہٹ جانے ،متعلقہ حکام کی عدم دستیابی، تاخیر سے ہونے والے طبی معائنے اور پولیس کے عدم تعاون کے باعث عورتوں کے خلاف ہونے والے تشدد کے مقدمات انتہائی کمزور ہوجاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دیہی اور دور دراز کے علاقوں میں خواتین کے ساتھ جو سلوک روا رکھا جارہا ہے اس کی اکثر رپورٹ ہی درج نہیں کی جاتی اور بہت سے واقعات میں بدنامی کے خوف سے متاثرہ خواتین معاملات پولیس کے علم میں نہیں لاتیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات عمل میں لائے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...