اورنج ٹرین منصوبے کی وجہ سے عوام کا جینا دو بھر ہو گیا،ذکر اللہ مجاہد
لاہور(خبر نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہا ہے کہ اورنج لائن ٹرین منصوبہ شہریوں کے لیے وبال جان بن چکا ہے ۔ ٹھوکر نیازبیگ سے لے کر چوبرچی چوک تک اورنج لائن ٹرین کی وجہ سے عوام کا جینا دوبھر ہو گیا ہے ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملتان روڈ پرجگہ جگہ کھدائی ، پانی کا کھڑاہونا اور ٹریفک کا جام ہونا عوام کی پریشانی کا باعث بن گیا ہے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوتا ہے نہ صرف ملتان روڈ بلکہ ملحقہ سڑکیں بھی بری طرح متاثرہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اورنج لائن ٹرین منصوبے کی وجہ سے نہ صرف عوام پریشان ہیں بلکہ تاریخی شہر لاہور کا حسن بھی تباہ ہو گیا ہے ۔ حکمرانوں کی توجہ اور دلچسپی عوامی مسائل کے حل کی طرف نہیں ہے بلکہ اورنج لائن ٹرین جیسے بڑے منصوبوں کی طرف ہے۔
، لگتا ہے کہ ان منصوبوں سے حکمرانوں کے مفادات جڑے ہوئے ہیں موجودہ حکمران عوام الناس کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کی بجائے اورنج لائن ٹرین جیسے مہنگے منصوبے بیرونی قرضوں کے عوض عوام پر مسلط کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پورا لاہور مسائلستان بنا ہو ا ہے معمولی بارش کی وجہ سے پورا لاہور گندگی کا منظر پیش کرنے لگتا ہے۔