اورنج ٹرین منصوبہ،متاثرہ جائیدادوں کے ریٹ کے تعین کے لئے اجلاس

اورنج ٹرین منصوبہ،متاثرہ جائیدادوں کے ریٹ کے تعین کے لئے اجلاس

لاہور ( اپنے خبر نگار سے )اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ کے سلسلہ میں سیاسی نمائندے اور بیوروکریٹ شہریوں کی قیمتی اراضی کے معاوضے کی ادائیگی کے حوالے سے ایک پیچ پر نہ آسکے خواجہ احمد حسان نے پروجیکٹ افسران کو دو روز میں ریٹ کمپنی کو پیش کرنے کی ہدایت کر دی، سینئر رہنماء مسلم لیگ (ن) خواجہ احمد حسان کی زیر صدارت 90شاہراہ قائد اعظم پر اورنج لائن منصوبے کے کے دوران شہریوں کی جائیداوں کے معاوضے کے تعین کے لئے اجلاس ہواجس میں ایم پی اے ملک سیف الملوک کھوکھر، ماجد ظہور وحید گل، کمشنر لاہور عبدللہ خان سنبل اور ایڈ یشنل کلکٹر نواز نعیمی نے شرکت کی جبکہ چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید چیف انجینئر ٹیپا سیف الر حمان اور ضلعی انتظامیہ کے علاوہ میٹرو ٹرین اتھارٹی کے افسران بھی شریک ہوئے شہریوں کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضہ دینے کے معاملے پر سیاسی قیادت اور بیورو کریٹس نے اعلی سطح کی کمیٹی کے روبرو مختلف آراء پیش کیں سیاسی نمائندوں نے موقف اختیار کیا کہ شہریوں کو ان کی جائیدادوں کے بدلے اچھا معاوضہ دیا جائے پراجیکٹ سے متعلقہ سینئر افسران نے کہا کہ ریٹ طے کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں لیکن بچت بھی ضروری ہے خواجہ احمد حسان نے اجلاس کے شرکاء کو 2روز کے اندر اندر اراضی کے قابل قبول ریٹ کا تعین کر کے کمیٹی کو پیش کرنے کی ہدایت کردی ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو ہر صورت ان کا جائز حق دیا جانا چاہیے زیادتی قبول نہیں ہو گی

مزید : میٹروپولیٹن 1