دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ،سید شاہد حسین
لاہور (خبر نگار خصوصی) پاکستان اللہ اور اسکے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نام پر معرض وجود میں آیا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے غلاموں کا خون بہانے والے جنتی نہیں جہنمی ہیں۔ دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں جو قوتیں اسلام کے نام پر انسانیت کا قتل عام کر رہی ہیں وہ قوتیں اسلام دشمن قوتوں کی آلہ کار ہیں۔ ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ اسلام تشدد اور ظلم سے نہیں پیار ومحبت سے پھیلا۔ پاکستان میں قتل وغارت کرنے والے کرائے کے قاتلوں کا نام ونشان مٹ جائے گا اور یہ ملک قیامت تک قائم رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار آستانہ شاہِ گردیز مغلپورہ لاہور میں پیر سید شاہد حسین گردیزی کی زیر صدارت ہونے والی 27 ویں سالانہ میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس سے مفتی پیر سید مصطفی رضوی، مفتی محمد ثناء اللہ سیالوی نے بھی خطا ب کیا۔
قاری پیر ولی الرحمن، علامہ منیر احمد برکاتی، مولانا بشیر نجم سیالوی، مولانا سیف الرحمن رضوی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو شہید کہنے والے دہشت گردوں کے سرپرست ہیں جبکہ نام بدل کر کام کرنے والی کالعدم دہشت گرد تنظیمیں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے کھلا چیلنج ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن ضرب عضب آپریشن کی کامیابی پر بکھلاہٹ کا شکار ہوکر کرائے کے قاتلوں سے دہشت گردی کی بذدلانہ کاروائیاں کروارہا ہے۔ ہم گھبرانے والے نہیں پوری قوم پاک فوج سے ملکر دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرکے دم لے گی۔ علماء نے کہا کہ فتنہ داعش کا اسلام اور مسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں۔ داعش اسرائیل اورامریکہ کا پیدا کردہ فتنہ ہے جس کو دہشت گردی کے طورپر استعمال کرکے دنیا بھر میں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلائی جارہی ہے۔ اجتماع میں اے آر وائی کے دفتر اور کوئٹہ میں ہونے والے خود کش حملے کی شدید مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ حق اور سچ کی آواز کو دبانے کیلئے میڈیا کو ہراساں کیا جارہا ہے جبکہ حکمرانوں سے مطالبہ کیاگیا کہ امن کمیٹیوں سے کالعدم تنظیموں کو نکالا جائے۔ کراچی آپریشن کا دائرہ کار پورے ملک میں بڑھایا جائے رجسٹریشن نہ کروانے والے مدارس کو فی الفور بند کر دیا جائے۔ اجتماع میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے الحاج ملک محمد شریف ، حاجی ملک محمد وحید ایم پی اے، حاجی محمد اعجاز سابقہ ایم پی اے، حاجی امداد حسین سابقہ ایم پی اے، سلیم بھولا، ظہیر ببو، اشفاق گجر، میاں قیصر، سید فرخ حسین شاہ، حکیم سہیل واحد خاں نے شرکت کی۔