چیف الیکشن کمشنرکے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری

چیف الیکشن کمشنرکے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے عدلیہ کے خلاف توہین آمیز بیان جاری کرنے پر چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلی جواب طلب کر لیاہے۔مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ چیف الیکشن کمشنر کو اس قسم کے بیانات زیب نہیں دیتے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنرنے عدلیہ کے خلاف توہین آمیز بیان جاری کیا۔چیف الیکشن کمشنر نے بیان میں کہا کہ عدالتوں کو الیکشن کمیشن کے معاملات میں مداخلت کا اختیار نہیں کیوں کہ الیکشن کمیشن کا ادارہ خود عدالتی اختیارات رکھتا ہے۔وکیل نے کہاکہ عدلیہ کے خلاف توہین آمیز بیان جاری کرنے پر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی عمل میں لائی جائے۔سرکاری وکیل نے عدالت سے جواب داخل کرنے کے لئے مزید مہلت کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر عدالتی فیصلوں کی توقیر کرتے ہیں۔جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ لگتا ہے کہ آپ نے چیف الیکشن کمشنر کا بیان نہیں پڑھا۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت کے لئے 22جنوری کی تاریخ مقرر کی ہے ۔

مزید : علاقائی


loading...