جہانگیر ترین کا وزیر خزانہ کوخط،لودھراں کیلئے مختص اڑھائی ارب فنڈز کا مطالبہ
لودھراں( نما ئند ہ پا کستا ن)تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیرترین نے وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کو خط لکھا ہے جس میں وزیر اعظم نواز شریف کی طر ف سے لودھراں کے لئے اعلان کردہ اڑھائی ارب روپے فوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔تفصیل کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی جہانگیر خان ترین نے وزیر خزانہ اسحق ڈار کو خط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میا ں نواز شریف کی طرف سے لودھراں کے عوام کے لئے اعلان کردہ ترقیاتی پیکج کے اڑھائی ارب روپے فوری جاری کیے جائیں۔ جہانگیر خان ترین کی جانب سے لکھے گئے خط میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ این اے 154لودھراں کا انتخابی شیڈول جاری ہونے سے کچھ لمحہ قبل وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف نے لودھراں میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اڑھائی ارب کے ترقیاتی پیکج کے اعلان کے ساتھ ساتھ دوفلائی ااوورز کی تعمیر،زرعی یونیورسٹی ،گیلے وال میں کامرس کالج کے قیام اور لاہور تا کراچی موٹر وے براستہ لودھراں گزارنے کے اعلانات کیے تھے۔چونکہ وزیر اعظم پاکستان نے بذات خود لودھراں جاکر اس ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا تھا تو میں یہ سمجھتا ہوں کہ یہ رقم اور اس سے منسلک ترقیاتی پیکج فوری طور پر جاری ہوسکتے ہیں۔جہانگیر خا ن ترین نے خط میں موقف اختیا ر کیا کہ لودھراں کو بہت عرصے تک جان بوجھ کرمحروم رکھا گیااس لئے ان فنڈز کا اجراء لودھراں کی محرومیوں کو ختم کرنے کے لئے اشد ضروری ہے۔