ریاستی فیصلوں میں علماء مشائخ کا کردار مضبوط ہوا ہے،شیخ عبدالعزیز آل الشیخ

ریاستی فیصلوں میں علماء مشائخ کا کردار مضبوط ہوا ہے،شیخ عبدالعزیز آل الشیخ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جدہ (محمد اکرم اسد) سعودی عرب کے مفتی اعلیٰ و سربراہ علماء شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے واضح کیا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حرمین شریفین کے خلاف دشمنوں کے منصوبے ناکام بنادئیے۔ وہ پختہ عزم، بصیرت افروز قیادت اور اہم فیصلے کرنے والی شخصیت ہیں۔ مفتی اعلیٰ نے کہا کہ شاہ سلمان نے ایسے عالم میں اقتدار کی زمام سنبھالی جبکہ پورا علاقہ فتنوں، ہنگاموں اور بدامنی کے بحرانوں کی آماجگاہ بنا ہوا تھا۔ ایسے عالم میں امت مسلمہ کے دشمن نفرت اور عداوت کے غماز معاندانہ پروگرام نافذکرنے میں لگے ہوئے تھے۔ ان سب کا ہدف حرمین شریفین کی سرزمین تھا۔ ہمارے دشمن جرائم پیشہ گروہوں کے توسط سے حرمین شریفین کے امن و استحکام کو تہہ و بالا کرنے کے درپے تھے۔ مفتی اعلیٰ نے کہا کہ یہ بات مسلم ہے کہ حرمین شریفین پر حملہ اور اس کے امن واستحکام کو خطرات سے دوچار کرنا نہ صرف یہ کہ حرمین شریفین کے لئے نقصان دہ ہے بلکہ اس کے خطرات پوری امت مسلمہ تک پھیلیں گے۔ وجہ یہ ہے کہ یہاں حرمین شریفین واقع ہے جس کی زیارت کے لئے دنیا بھر کے مسلمان آتے ہیں۔ مفتی اعلیٰ نے کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے فیصلہ کن اقدام کرکے حرمین شریفین کے امن و استحکام کی حفاظت کی ۔ فیصلہ کن طوفان نے ریکارڈ وقت میں حوثی باغیوں کے جارہانہ طوفان کو لگام دی۔ مفتی اعلیٰ نے کہا کہ شاہ سلمان کے عہد میں اندرون مملکت بہت سارے اہم کام ریکارڈ پر آئے، ریاستی ڈھانچے کی تنظیم نو ہوئی، نئی کونسلیں قائم کی گئیں، دہشت گردی کے خلاف عالمی اسلامی اتحاد تشکیل دیا گیا، اصلاحات نافذ کی جارہی ہیں، بدعنوانی کے خلاف جنگ پوری قوت سے جاری ہے، ریاستی اداروں کی نگرانی اور شرعی اداروں کی توقیر میں اضافہ ہوا ہے۔ ریاستی فیصلوں میں علماء مشائخ کا کردار مضبوط ہوا ہے۔ انہیں عوامی مسائل کے حل میں مشورہ پیش کرنے کا موقع بڑے پیمانے پر دیا گیا۔ حکومت نے تحفیظ قرآن کے سکولوں پر توجہ دی اس سلسلے میں تقریبات کا بھی اعلان کیا گیا۔

مزید :

علاقائی -