ذوالفقار علی بھٹو کا کوئی ایک کارنامہ نہیں ‘لطیف کھوسہ ،قمر الزمان کائرہ

ذوالفقار علی بھٹو کا کوئی ایک کارنامہ نہیں ‘لطیف کھوسہ ،قمر الزمان کائرہ

نیو یارک (ارشد چوہدری ) ورکرز آرگنائزنگ کمیٹی پاکستان پیپلز پارٹی یو ایس اے کے زیر اہتمام قائد عوام پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 88 ویں سالگرہ منائی گئی جس میں آرگنائزنگ کمیٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ورکرز آرگنائزنگ کے صدر چودھری اعجاز فرخ کی رہائش گاہ پر منعقدہ اس تقریب سے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں پنجاب کے سابق گورنر لطیف کھوسہ اور قمر الزمان کائرہ نے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو شہید کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کا کوئی ایک کارنامہ نہیں بلکہ ان کی پوری زندگی پاکستان کیلئے شاندار خدمات انجام دیتے گزری۔ پاکستان نے قوموں کی زندگی میں انہی کی بدولت اعلیٰ مقام حاصل کیا۔ ایٹمی طاقت سے لے کر غریب عوام کو زبان دینا یہ سب ذوالفقار علی بھٹو کے کارنامے ہیں۔ لطیف کھوسہ اور قمر زمان کائرہ نے اعجاز فرخ ، سرور چودھری، مدثر چودھری اور ورکرز آرگنائزنگ کمیٹی کی پوری ٹیم کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین اور سلام پیش کیا جو پارٹی کے شہداء کی یاد میں تقریبات کا انعقاد کرکے پارٹی اور اس کے بانیوں کے ساتھ محبت اور تعلق کے بے مثال ثبوت پیش کرتے رہتے ہیں۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے انفارمیشن سیکرٹری ڈاکٹر فخر الدین چودھری نے خصوصی شرکت کی اور اظہار خیال بھی کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سرور چودھری، اعجاز فرخ، مدثر چودھری، حفیظ کشمیری اور دیگر نے کہا کہ یوں تو ذوالفقار علی بھٹو کے کئی کارنامے ہیں جس کی وجہ سے وہ ہمیشہ پاکستانی عوام کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

مزید : علاقائی