نئی دہلی ،ہندو انتہا پسندوں کا پی آئی اے کے دفتر پر حملہ ،توڑ پھوڑ ،عملے پر بد ترین تشدد
نئی دہلی(اے این این،ما نیٹرنگ ڈیسک،آ ن لائن) بھارت کی انتہا پسند تنظیم بجرنگ دل کے کارکنوں نے نئی دہلی میں پی آئی اے کے دفتر پر دھاوا بول دیا ، عملے پر بدترین تشدد ، فرنیچر، شیشے اور کمپیوٹرز توڑ دیئے،واقعہ پر پاکستانی ہائی کمیشن کا بھارتی حکومت سے شدید احتجاج،ملزمان کوفوری گرفتارکرنے کامطالبہ ،پی آئی اے انتظامیہ نے دہلی میں اپنے عملے کودفترچھوڑنے کی ہدایات جاری کردیں۔ میڈیارپورٹ کے مطابق جمعرات کو مسلح ہندو انتہا پسند نئی دلی کے برکھاہمبا روڈ پر واقع پی آئی اے کے دفتر کے اندر گھس گئے اورعملے کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا ۔ حملہ آوروں نے دفتر کا فرنیچر، کھڑکیوں اورریزرویشن کاؤنٹرکے شیشے اور کمپیوٹرزبھی توڑ دیئے۔انہوں نے پاکستان مخالف نعرے لگائے اور عملے کو فوری طور پر بھارت چھوڑنے کی دھمکی دی ۔ ترجمان پی آئی اے نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ نئی دلی کے وسط میں واقع دفترپرانتہاپسندوں نے حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی اور عملے کو ہراساں بھی کیا گیا ۔ انتظامیہ نے عملے کودفتر چھوڑنے کا کہاہے ۔دوسری جانب پاکستانی ہائی کمیشن کے ترجمان منظورمیمن نے پی آئی اے کے دفتر پرحملے کی مذمت کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے شدید احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے دفتر پر بجرنگ دل کے شدت پسندوں نے حملہ کیا اور کمپیوٹرز سمیت دفتر کی مختلف اشیاء توڑ دیں۔ حملے کے وقت دفتر میں عملے کے14سے15افراد موجود تھے ۔ انہوں نے کہاکہ پی آئی اے کے دفتر کی سیکیورٹی بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے، بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستانی عملے اور املاک کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرے اور دفتر پر حملہ کرنے والے انتہا پسندوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔ واضح رہے اس سے پہلے بھی پی ا?ئی اے کے دفتر پر انتہا پسندوں کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا۔