دیہی روڈز پروگرام ،ٹھیکیدارادائیگیوں کیلئے تھرڈ پارٹی سرٹیفکیٹ کے پابند

دیہی روڈز پروگرام ،ٹھیکیدارادائیگیوں کیلئے تھرڈ پارٹی سرٹیفکیٹ کے پابند

لاہور(شہباز اکمل جندران) صوبائی حکومت نے سی اینڈڈبلیو کی انتظامیہ اور انجینئر وں کے لیے نئی مشکل پیدا کردی۔ خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام فیز ٹو میں ٹھیکیداروں اور تعمیراتی فرموں ادائیگی کے لیے تھرڈ پارٹی سرٹیفکیٹ کا پابند بنا دیا گیا۔صوبے کے 9ڈویژنوں میں تھرڈ پارٹی کنسلٹنٹ فرموں کی طرف سے سب اچھا کی رپورٹس کے بغیر ادائیگی نہیں کی جائیگی۔سب انجنئیر ، اسسٹنٹ انجنئیر اور ایگزیکٹو انجنئیرکی سفارشات اور منظوری ثانوی حیثیت اختیار کرگئے۔معلوم ہواہے کہ کسی بھی سرکاری ترقیاتی منصوبے میں کام کرنے والے ٹھیکیدار یا تعمیراتی فرم ، مکمل کئے جانے والے کام کے عوض ادائیگی کا تقاضا کرتی ہے۔جس پر سب انجنئیر اپنی پیمائشی کتاب کی مد د سے مکمل اور ادھورے کام کی رپورٹ تیار کرتا ہے۔ جس کی منظوری ایس ڈی او دیتا ہے۔اور ایگزیکٹو انجنئیر اس کی توثیق کرتے ہوئے اکاؤنٹ آفس کو ادائیگی کی ہدایات جاری کرتا ہے۔لیکن بتایا گیا ہے کہ خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام میں طریقہ کار تبدیل کردیا گیا ہے۔اور صوبائی حکومت نے 9ڈویژنوں میں کے پی آر آر پی کے تمام ذیلی منصوبوں کے لیے الگ الگ تھرڈ پارٹی کنسلٹنٹ مقرر کر دیئے۔ جو سب انجنئیر ، ایس ڈی اور ایکسین کی طرف سے منظوری دیئے جانے کے بعدتھرڈ پارٹی کنسلٹنٹ مکمل کئے جانے والے کام کا اپنے طورپر جائزہ لے گا اور تسلی کے بعد تحریری طورپر رپورٹ ارسال کریگا۔ جس کی روشنی میں ٹھیکیدار یا کمپنی کو چیک مل سکے گا۔ ذرائع کے مطابق لاہور اور گوجرانوالہ میں کے پی آر آر پروگرام کے لیے ایشین کنسلٹنٹ انجنئیرز کو تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن اتھارٹی مقرر کیا گیا ہے۔ راولپنڈی اور فیصل آباد میں سمپاک کو ،ساہیوال اور ملتان میں رحمن حبیب کنسٹرکشن پرائیویٹ لمیٹیڈ کو جبکہ سرگودھا، بہاولپور اور ڈی جی خان میں جی تھری انجنئیرنگ کنسلٹنٹس پرائیویٹ لمیٹیڈ کو تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن اتھارٹی مقرر کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کے فیز ون میں انجنئیروں ا ور ٹھیکیداروں نے باہمی ملی بھگت سے ناقص تعمیر کی حامل سٹرکیں تعمیر کی ہیں۔جو تعمیر کے فوری بعد ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے لگی ہیں۔ اور کئی شہروں میں سی اینڈڈبلیو کے انجنئیروں اور متعلقہ تعمیراتی کمپنیوں کے خلا ف ڈی سی اوز اور اینٹی کرپشن کی طرف سے کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے۔

تھرڈ پارٹی

مزید : صفحہ آخر


loading...