پٹھان کوٹ واقعہ پر پاکستان اور بھارت نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا،پرویزرشید

پٹھان کوٹ واقعہ پر پاکستان اور بھارت نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا،پرویزرشید

اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پٹھان کوٹ واقعہ کے بعد پاکستان اور بھارت نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔ گزشتہ روز کارپوریٹ سوشل رسپانسیبلٹی سمٹ اینڈ ایوارڈز تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں جس پر پاکستان کے اندر اور باہر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ خارجہ سیکریٹریوں کی سطح کے مذاکرات منسوخ نہیں ملتوی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان حکومت پر تنقید کرنے کی بجائے اسمبلی کے اندر آئیں، حکومت انہیں معاشی کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کرے گی۔ قبل ازیں تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کرنے والے اچھے لوگ ہیں جو اپنی سخت محنت سے کمائی ہوئی آمدن معاشرے کے مستحق افراد کی بہبود پر خرچ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت اور فلاحی منصوبوں کے لئے کام کرنے والے لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں جنہیں ایوارڈ ملنے چاہئیں اور انہیں سب سے بڑا اعزاز اﷲ تعالیٰ کی طرف سے ملے گا۔ انہوں نے ایوارڈز حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی اپنے فلاحی کام جاری رکھیں گے۔

مزید : صفحہ اول