نواز شریف کا امریکی سرمایہ کاروں کو پرکشش مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کی پیشکش

نواز شریف کا امریکی سرمایہ کاروں کو پرکشش مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کی پیشکش

اسلام آباد(اے این این) وزیراعظم نواز شریف نے امریکہ کی کاروباری برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے موجود سازگار اورپرکشش مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی پیشکش کرتے ہوئے کہاہے کہ نمایاں امریکی کمپنیاں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرکے خاطر خواہ منافع کما رہی ہیں،امریکہ پاکستان کا ایک انتہائی اہم اقتصادی اور تجارتی شراکت دار ہے ، ہماری مصنوعات کو امریکی منڈیوں تک رسائی دی جانی چاہیے، آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے ،پاکستان سے دہشت گردی کے ناسور کو اکھاڑپھینک کرہی دم لیں گے، 2017کے آخر تک مزید 10 ہزار میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کردیں گے 46،ارب ڈالر کے پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے پر دن رات کام کر رہے ہیں ، ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے کیونکہ امن کے ذریعے ہی ترقی و خوشحالی ممکن ہے۔وہ جمعرات کویہاں امریکہ پاکستان بزنس کونسل کے وفد کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے سے خطاب کر رہے تھے۔وزیراعظم نے کہاکہ گزشتہ 60سال سے پاکستان اور امریکا نے تعلقات کے فروغ پر توجہ دی امریکا پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہا ہے جسے ہم قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔امریکہ پاکستان کا انتہائی اہم اقتصادی اور تجارتی شراکت دار ہے تاہم دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مزیدبڑھانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور امریکا کے اقتصادی، تجارتی تعلقات کے فروغ میں کونسل کا کردار قابل تعریف ہے۔ کونسل کا دورہ تجارت و سرمایہ کاری کے مزید مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔ معاشی ترقی کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کے لئے سازگاراورپرکشش مواقع موجودہیں جن سے امریکی تاجربھرپورفائدہ اٹھاسکتے ہیں نمایاں امریکی کمپنیوں نے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی اور وہ خاطر خواہ منافع کما رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کا مستقبل پروگریسیو اور جمہوری ملک سے وابستہ ہے ۔ پاکستان کی معاشی کامیابیوں کاذکرکرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مالی سال 2015 میں مجموعی ملکی پیداوار 4.24 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ 2015 میں شرح نمو گزشتہ 7 برسوں کی نسبت سب سے زیادہ رہی۔ مالیاتی خسارہ 8.2 فیصد سے کم ہو کر 5.3 فیصد تک آ گیا ہے ٹیکس محصولات میں 33 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ پاکستان میں کام کرنے والی امریکی کمپنیاں کامیابی سے کاروبار کر رہی ہیں جبکہ پاکستانی مصنوعات کو امریکی منڈیوں تک رسائی دینی چاہیے۔ ممتاز عالمی اشاعتی اور درجہ بندی کے اداروں نے پاکستان کی شاندار اقتصادی کارکردگی کا اعتراف کیاہے ۔ نواز شریف نے کہا کہ توانائی کی قلت پر قابو پانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے ۔ہم دوہزار سترہ تک قومی گرڈ میں دس ہزار میگاواٹ بجلی شامل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔حال ہی میں شروع کیا گیا چھیالیس ارب ڈالر چین پاکستان اقتصادی راہداری کا منصوبہ پاکستان کی معیشت اور اسکے مستقبل کے مواقعوں پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی علامت ہے۔اس منصوبے سے پورے خطے میں اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔خارجہ پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کیلئے تمام ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ داخلی سلامتی کی صورتحال میں بہتری آرہی ہے آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اورمثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں پاکستان سے دہشت گردی کے ناسورکواکھاڑپھینک کرہی دم لیں گے۔ آپریشن ضرب عضب کومنطقی انجام تک پہنچایاجائے گا۔ خارجہ پالیسی کاذکرکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے کیونکہ امن کے ذریعے ہی ترقی و خوشحالی ممکن ہے اور ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی نقطہ خطے کے ملکوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہے۔

مزید : صفحہ اول