معیاری تعلیم کا فروغ میرا مشن ہے ،وسائل کی کمی نہیں آنے دی جائیگی:شہباز شریف

معیاری تعلیم کا فروغ میرا مشن ہے ،وسائل کی کمی نہیں آنے دی جائیگی:شہباز شریف

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت یہاں اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں تعلیم کے شعبہ میں اصلاحاتی پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور اصلاحاتی پروگرام کے تحت سکولو ں میں اساتذہ کی حاضری اور معیاری تعلیم کے فروغ کے حوالے سے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے 2018 تک تعلیم کے میدان میں اہداف کے حصول کیلئے شاندار پروگرام مرتب کیا ہے۔ ’’پڑھو پنجاب۔بڑھو پنجاب‘‘ پروگرام کے تحت سکولوں میں اساتذہ کی حاضری میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ معیاری تعلیم کا فروغ میرا مشن ہے جسے ہر قیمت پر پورا کریں گے اور اس ضمن میں پنجاب حکومت نے پہلے بھی وسائل فراہم کئے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے۔ انہو ں نے کہا کہ پنجاب میں اساتذہ کی تقرریاں صرف اور صرف میرٹ پر کی گئی ہیں اور میرٹ پر بھرتی ہونے والے اساتذہ کے باعث سکولوں میں تعلیم کا معیار بلند ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اصلاحاتی پروگرام کے اہداف کے حصول کیلئے محنت اور جذبے سے تسلسل کے ساتھ کام کرنا ہے۔ معیاری تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور پنجاب حکومت بچوں کو یہ حق دے رہی ہے۔ اجلاس میں سکولوں میں اساتذہ کی تربیت کیلئے موبائل ٹریننگ کا پائلٹ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ موبائل ٹریننگ پروگرام کے تحت اساتذہ کو سکولوں میں جدید تربیت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے تعلیمی اہداف کے حصول میں شاندار کارکردگی پر ای ڈی او ایجوکیشن گوجرانوالہ محمد صہیب عمران اور ای ڈی او ایجوکیشن نارووال ایاز صابر کیلئے 50، 50 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا اور انہیں شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں جزا اور سزا کے نظام کے بغیر تعلیمی اہداف کا حصول ممکن نہیں۔ اگر ہم نے آگے بڑھنا ہے اور اپنی منزل حاصل کرنا ہے تو سزا اور جزا کے نظام کو اپنانا ہوگا، تعلیمی اہداف کے حصول کیلئے بہترین کارکردگی پر افسروں کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ غیر تسلی بخش کارکردگی دکھانے والوں کی بازپرس ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے بچوں اور بچیوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کا بھی ٹارگٹ ہر صورت حاصل کرنا ہے۔ معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت نے پہلے بھی وسائل فراہم کئے ہیں، آئندہ بھی کریں گے۔سکولوں میں بچوں کو معیاری تعلیم مہیا کرنے کیلئے موثر اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھنا انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے وسائل کی فراہمی پاکستان کے مستقبل پر سودمند سرمایہ کاری ہے اوراس ضمن میں وسائل کی کوئی کمی نہیں آنے دیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ سکولوں میں طلبا اور اساتذہ کی حاضری میں خاطرخواہ بہتری آئی ہے تاہم اس حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں گزشتہ 7برس کے دوران پنجاب حکومت نے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہے، تاہم یہ طویل سفر کا آغاز ہے۔ ابھی ہمیں تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے بہت کچھ کرنا ہے۔ معیاری تعلیم پر پنجاب کے ہر بچے کا حق ہے اور ہمیں یہ حق ان تک پہنچانا ہے جس کے لئے محنت ،دیانت اورامانت سے کام کرنا ہوگا۔ الف۔ اعلان کے روح رواں مشرف زیدی نے وزیراعلیٰ کو گوجرانوالہ اور نارووال میں سکولوں کے سروے اور وہاں پر تعلیمی اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ اور نارووال میں ہمارے سروے کے دوران اساتذہ کی 97 فیصدحاضری سامنے آئی ہے اور سکولو ں میں اساتذہ کی حاضری میں بہتری کا کریڈٹ وزیراعلیٰ شہبازشریف اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔ مشرف زیدی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی میرٹ پر اساتذہ کی تقرری کی پالیسی انتہائی کامیاب رہی ہے جس کے باعث سکولوں میں معیاری تعلیم کے فروغ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، ڈیفڈ کے نمائندے بین فرنچ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ کے درمیان یہاں ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، امن عامہ کی صورتحال اور پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انتہاپسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں۔ پنجاب حکومت نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کے وسائل بچا کر شاندار مثال قائم کی گئی ہے۔ شفافیت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ منصوبوں کی تکمیل پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز ہے۔ گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت فلاح عامہ کے انقلابی پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ، جس میں خصوصی افراد کی فلاح وبہبود کیلئے متعددفلاحی اقدامات کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں خصوصی افراد کی رہنمائی کیلئے تحصیل کی سطح پر گائیڈز(Mentors)کی تعیناتی کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے خصوصی افراد کی فلاح وبہبود کیلئے ملک کی تاریخ کے مثالی اقدامات کیے ہیں۔خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اورانہیں معاشرے کا مفید رکن بنانے کیلئے اقدامات جاری رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کی بحالی اور ان کی مدد ریاست کی ذمہ داری ہے اس مقصد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔خصوصی افراد معاشرے کے خصوصی سلوک کے مستحق ہیں ۔پنجاب میں خصوصی افراد کی اعانت کیلئے خدمت کارڈ پروگرام کا آغاز کیاگیا ہے ۔خدمت کارڈ کے ذریعے معذور افرا د کی مستقل بنیادوں پر مالی معاونت کی جارہی ہے ۔پنجاب بھر میں خصوصی افراد کی رجسٹریشن کا عمل جا ری ہے ۔انہوں نے کہا کہ خدمت کارڈ کے ذریعے خصوصی افراد کو1200روپے ماہانہ مالی مددفراہم کی جارہی ہے ۔معذوروں کیلئے ملازمتوں کا کوٹہ 2فیصد سے بڑھا کر3فیصد کیا جاچکا ہے ۔950نابینا افراد کو سرکاری ملازمتوں اور721اعلی تعلیم یافتہ معذور افراد کیلئے یونیورسیٹوں اورکالجوں میں نوکریوں کے مواقع پیدا کیے گئے ہیں۔26ہزار نابیناافراد کی رجسٹریشن مکمل کی جاچکی ہے اور انہیں سرکاری ملازمتوں کیلئے عمر کی حد میں 10سال تک رعایت دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نابینا افراد کی بحالی کیلئے 13اضلاع میں خصوصی مراکز قائم کیے جارہے ہیں ۔معذور افراد کیلئے مفت علاج معالجے کی سہولت کے علاوہ انہیں دوران سفر کرائے میں 50فیصد رعایت جیسے اقدامات کیے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ خصوصی افراد کو معاشرے کابوجھ بننے کی بجائے انہیں معاشرے کا بوجھ باٹنے کے قابل بنانے کیلئے مثالی پروگرام جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے ہنر مند بھی بنایا جارہا ہے ۔خصوصی افراد کی فلاح وبہبود کیلئے ضلع کی سطح پربھر پور اقدامات کیے جائیں ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر سول پروٹیکشن اتھارٹی نے خصوصی افراد کی فلاح وبہبود کیلئے کیے گئے اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزراء آصف سعید منیس، سید ہارون احمد سلطان بخاری، ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری،چیف سیکرٹری، متعلقہ سیکرٹریز،کمشنرو ڈی سی او لاہور،سی سی پی اواورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید : صفحہ اول