پنجاب اور سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں کامیا ب نمائندوں نے حلف اٹھا لیا

پنجاب اور سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں کامیا ب نمائندوں نے حلف اٹھا لیا

لاہور ،کراچی(نیوزرپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، اے این این )بلدیاتی انتخابات میں پنجاب اور سندھ سے کامیاب ہونے والے چیئرمین ،وائس چیئرمین ،کونسلرز اور وارڈ ممبرز نے حلف اٹھا لیا ،تقریب حلف برداری کیلئے سیکورٹی کے سخت انتظامات ،ریٹرننگ افسران نے نو منتخب بلدیاتی نمائندوں سے ملک سے وفاداری ، گڈ گورننس اور لوکل آرڈیننس 2013 کے مطابق ذمہ داریوں کی ادائیگی اور حکومتی پالیسیوں پر مکمل عمل درآمد کرنے کا حلف لیا ، پنجاب کے دارالحکومت لاہو ر سمیت دیگر اضلاع میں ممبران نے حلف اٹھایا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت سمیت صوبے بھر کے مختلف اضلاع کے منتخب نمائندوں نے حلف اٹھا لیا۔لاہور کی274یونین کونسلوں کے منتخب نمائندوں نے حلف اٹھا یا ۔منتخب نمائندوں نے حلف دیا کہ وہ بلدیاتی قوانین کی پاسداری اور سرکاری رقوم کا صحیح استعمال کریں گے۔صوبائی دارلحکومت میں ٹاؤن ہال میں واقع جناح ہال میں نومنتخب بلدیاتی امیدواروں کی تقریب حلف برادری ہوئی۔امیدواروں نے حلف لیا کہ وہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت بلدیاتی قوانین کی پاسداری اور سرکاری رقوم کا صحیح استعمال کریں گے۔ بعدازاں امیدواروں کے حامیوں نے انہیں مبارکباد دی اور ہار پہنائے۔فیصل آباد میں کامیاب ہونے والے نمائندوں کی حلف برداری کی تقریبات ریٹرنگ افسران کے دفاتر سمیت ٹی ایم ایز میں منعقد ہو ئیں جبکہ ملتان میں ہتھکڑیوں میں لائے گئے یوسی 58 کے وائس چیئر مین رفیق طوطی سمیت 185 نومنتخب بلدیاتی ارکان نے حلف اٹھا لیا ۔ اس موقع پر یوسی 58 کے وائس چیئر مین رفیق طوطی کو بھی ڈسٹرکٹ جیل سے ہتھکڑیاں لگا کر حلف برداری کیلئے لایا گیا جن پر پولنگ اسٹیشن سے خواتین کی انکھوں میں مرچیں ڈال کر بیلٹ بکس لے جانے کا الزام تھا۔حلف برادری کی تقریب کے اختتام پر دوبارہ ملزم رفیق طوطی کو ڈسٹرکٹ جیل منتقل کر دیا گیا ۔دوسری جانب راولپنڈی کے دو ہزار سے زائد نومنتخب بلدیاتی نمائندوں نے بھی حلف اٹھایا ، تقریب حلف برداری تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے دفتر میں ہوئی۔ کراچی کے ضلع جنوبی میں حلف برداری کی تقریب جلسے میں تبدیل ہو گئی ، مختلف سیاسی جماعتوں کے نو منتخب بلدیاتی نمائندوں نے ایوان کو مچھلی مارکیٹ بنا دیا ۔کراچی کے ضلع جنوبی کے بلدیاتی نمائندوں کی تقریب حلف براداری سندھ بوائے اسکاوٹس ہال میں منعقد کی گئی، تقریب میں 186 نومنتخب نمائندوں نے حلف لیا ، تقریب کے دوران منتخب نمائندوں نے شدید نعرے بازی کی ، پیپلز پارٹی، ایم کیوایم، پی،ٹی، آئی اور مسلم لیگ نون کے نمائندوں کی نعرے بازی کے دوران کان پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی، ایک موقع پر ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے کارکنان آمنے سامنے بھی آگئے اور نعرے لگاتے رہے۔حیدرآباد میں حلف برداری کی تقریب مہران آرٹس کونسل میں منعقد ہوئی جہاں جسٹس عبدالظہورچانڈیونے میونسپل کارپورریشن کے 375نومنتخب کونسلرزسے حلف لیا جب کہ 6 ممبران الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری نہ ہونے کے باعث حلف نہ اٹھا سکے۔ جیکب آباد کے ٹاؤن ہال میں 44 یوسیز کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز نے حلف اٹھایا، بدین میں سینئرسول جج عارف راجپوت نے 324 امیدواروں سے حلف لیا، لاڑکانہ کی شاہ نواز بھٹو لائبریری آڈیٹوریم میں ڈسٹرکٹ کونسل کے 47ممبران سے عہدوں کا حلف لیا گیا۔ ٹھٹھہ میں بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے 312 نمائندوں نے حلف اٹھایا،میرپورماتھیلو میں ضلع کونسل کے 66 چیئرمین، وائس چیئرمین اور 320 کونسلرز نے حلف اٹھایا۔

مزید : صفحہ اول


loading...