لوہاری گیٹ،4منزلہ عمارت میں آتشزدگی ،ایک ہی خاندان کے 6افراد جاں بحق ،4زخمی

لوہاری گیٹ،4منزلہ عمارت میں آتشزدگی ،ایک ہی خاندان کے 6افراد جاں بحق ،4زخمی

لا ہور (خبر نگا ر ) لوہاری گیٹ میں چار منزلہ عمارت میں آتشزدگی کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق جبکہ چار شدید زخمی ہوگئے، آتشزدگی کے باعث چار منزلہ عمارت جل کر خاکستر ہو گئی، جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا ۔ شہباز شریف نے واقعہ کی تحقیقات کاحکم دیدیا۔تفصیلا ت کے مطا بق بھا ٹی گیٹ کے علاقے لاہوری گیٹ میں 4 منزلہ عمارت کی دوسری اور تیسری منزل پر شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ پہلی منزل پر موجود چھو ٹے بھائی عطا نامی شخص کے خاندان کے افراد فوری باہر نکل آئے لیکن دوسری اور تیسری منزل پر رہائش پزیربڑ ے بھا ئی شاہد اس کی اہلیہ قیصرہ، اس کی 18 سالہ بیٹی عائشہ اور 15 سالہ بیٹا علی، شاہد کی بہن گلشن اور ان کا 4 سالہ پوتا علی آگ کی شدت کی وجہ سے باہر نہ نکل سکے، اطلاع ملنے پر ریسکیو ، اید ھی ایمبو لنس ٹیمیں موقع پر پہنچیں لیکن گلیاں تنگ ہونے کی وجہ سے آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پانچ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا۔تاہم لکڑی کا کام زیادہ ہونے کی وجہ سے اہلکاروں کو امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔ عمارت میں موجود تمام افراد اور سامان جل کر خاکستر ہو گیا ۔ 3 منزلہ عمارت کی دوسری چھت آگ کی وجہ سے خستہ ہونے کے باعث گر گئی ۔ گھر میں سوئے10 افراد میں سے4 کو ریسکیو ٹیموں نے نکال لیا ۔ جاں بحق ہونے والوں میں گھر کا سربراہ شاہد حبیب جو مقامی علاقہ میں سبز ی فرو ش تھا اسکی اہلیہ قیصرہ، بیٹاعلی شاہد، بیٹی عائشہ، معمرخاتون گلشن بی بی اور ساڑھے چار سالہ محمدعلی کی لاشیں نکال لی گئیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مالک مکان شاہد حبیب کی لوہاری بازار میں سبزی کی دکان ہے۔ آتشزدگی کی اطلاع ریسکیو 1122 کو دی گئی لیکن گلیاں تنگ ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیمیں بروقت پہنچ گئی تھیں۔ شہبازشریف نے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیاہے۔انہوں نے کہا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پرانہیں دلی افسوس ہوا ، وزیراعلیٰ نے آتشزدگی کے واقعہ کی ضلعی انتظا میہ اور پو لیس کو تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔ شہبازشریف نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے5لاکھ روپے فی کس مالی امداد کا اعلان کردیا۔

مزید : صفحہ اول